راولپنڈی(نیشنل ٹائمز) بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی جہاں 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں 21 ستمبر سے جاری بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر کو آپریشن شعبان کے تسلسل میں سکیورٹی فورسز نے مزید دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد شعبان میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے سے دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 25 ستمبر کو نوشکی ضلع میں انٹیلی جنس بنیاد پر ایک اور آپریشن کیا گیا، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسداد دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔



