نیویارک (نیشنل ٹائمز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر عزت مآب پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورۂ پاکستان کے دوران ہونے والی اپنی ملاقات کو خوشگوار الفاظ میں یاد کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہا اور امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہتے ہوئے معاشرے کے لیے خدمت اور شہری شمولیت کی اس کی قابلِ قدر روایت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت سے معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر اظہارِ تشکر کیا اور ایسی صورتحال میں، جب پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے، علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور اے کے ڈی این کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انسانی ترقی کے مختلف شعبوں، بالخصوص صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی دعوت دی تاکہ کئی دہائیوں سے قائم دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط اور گہرا کیا جا سکے۔



