کراچی(نیشنل ٹائمز) سندھ کے پانچ اضلاع کی سات مختلف بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات (کل) 22 نومبر کو منعقد ہوں گے ۔ اس حوالے سے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ۔
دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے اعلامیے کے مطابق ضلع حیدرآباد کی یونین کمیٹی نمبر 90، ٹی ایم سی سچل سرمست میں جنرل ممبر وارڈ کی نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ ضلع مٹیاری کی یونین کونسل نمبر 29 میں چیئرمین جبکہ ضلع میرپورخاص کی یونین کونسل نمبر 29 جواریسر-I میں چیئرمین کی نشست پر انتخابات ہوں گے ۔ ضلع نوشہروفیروز کی یونین کونسل نمبر 11 سومر چنڑ میں وائس چیئرمین کی نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ اسی طرح ضلع لاڑکانہ کی ٹاؤن کمیٹی باڈھ کے وارڈ نمبر 18 میں جنرل ممبر، یونین کونسل نمبر 10 لاشاری میں ممبر ڈسٹرکٹ کونسل جبکہ یونین کونسل نمبر 18 رشید وگن میں چیئرمین کی نشست پر ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران صاف، شفاف اور پرامن پولنگ کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔



