نئی دہلی(نیشنل ٹائمز) وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی خوبصورتی مختلف آوازوں، ثقافتی شناختوں اور تاریخی تجربات کے تنوع میں ہے۔
پاکستان کی تاریخ بھی گندھارا، وادی سندھ، وسطی ایشیا، افغانستان اور ایران سمیت مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے اثرات کا مجموعہ ہے، ہمارا تاریخی ورثہ پوری انسانیت کا مشترکہ سرمایہ ہے۔
نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اگر سب کی آواز اور معنی ایک جیسے ہوں تو مکالمے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی۔ مکالمے کی اصل خوبصورتی مختلف آوازوں، شناختوں اور خیالات کے باہمی تبادلے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف رنگوں اور خوشبوؤں سے سجے گلدستے کی طرح معاشرے اور تہذیبیں بھی اپنے تنوع کی وجہ سے خوبصورت ہوتی ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی نظر سے بھی پاکستان کو دیکھنا چاہیے اور مختلف زاویوں سے اپنی تاریخ اور ثقافت کو سمجھنا چاہیے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کا تاریخی اور تہذیبی ورثہ مختلف ادوار اور خطوں سے جڑا ہوا ہے۔ اسلام آباد سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ٹیکسلا قدیم علم و دانش کا مرکز رہا ہے، جہاں سے شروع ہونے والے فکری اثرات مختلف علاقوں تک پہنچے۔ اسی طرح وسطی ایشیا، افغانستان، بخارا اور سمرقند کے تاریخی روابط بھی ہماری تہذیبی تاریخ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری شاعری اور ادبی روایت میں بھی وسطی ایشیا اور ایران سمیت مختلف خطوں کے اثرات دکھائی دیتے ہیں۔ گندھارا تہذیب ہو، وادی سندھ کی قدیم شہری تہذیب، وسطی ایشیا سے آنے اور جانے والے لوگ ہوں یا ہماری شاعری اور تاریخی ورثہ، یہ سب مل کر ہماری تہذیبی شناخت بناتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم کسی ایک تہذیب یا نسل کے واحد وارث ہونے کا دعویٰ نہیں کرتے، بلکہ ہماری تاریخ مختلف تہذیبوں کے امتزاج سے تشکیل پائی ہے۔ یہ ورثہ کسی ایک گروہ کی ملکیت نہیں بلکہ پوری انسانیت کا سرمایہ ہے، اس لیے اس کے دروازے سب کے لیے کھلے رہنے چاہییں۔



