تہران(نیشنل ٹائمز)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جوہری مواد سے متعلق ثالثوں کی جانب سے پیش کی گئی بعض تجاویز قابل غور قرار دے دی ہیں جس کے بعد مذاکرات میں 60 فیصد افزودہ یورینیم کا معاملہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ثالثوں نے 60 فیصد افزودہ یورینیم کے معاملے پر مختلف تجاویز پیش کی ہیں، جن کے مثبت اور منفی دونوں پہلو موجود ہیں، ایران ان تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے تیار ہے اور بعض تجاویز پر غور کیا جا سکتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر امریکہ کی طرف سے اب تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا، اگر واشنگٹن جوہری معاہدے کیلئے سنجیدہ ہے تو اسے اپنا مؤقف تبدیل کرنا ہوگا۔
عباس عراقچی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ افزودہ یورینیم کے ذخیرے اور اس سے متعلق ممکنہ انتظامات مذاکرات کا اہم موضوع بنے ہوئے ہیں، تاہم ثالثوں کی تجاویز پر ایران کے جائزے اور امریکی ردعمل کے بغیر مذاکرات میں پیشرفت کی صورت حال واضح نہیں ہوسکی۔



