بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی نے پارٹی کی 21 ویں قومی کانگریس کے مندوبین کے انتخاب کے لئے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کر لی ہے۔
ہفتہ کے روز جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے تنظیمی شعبے نے مندوبین کے انتخاب کے لئے تفصیلی انتظامات کئے ہیں۔
سی پی سی کی 20ویں مرکزی کمیٹی نے اکتوبر کے آخر میں ہونے والے اپنے پانچویں عمومی اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ پارٹی کی 21ویں قومی کانگریس 2027 کی دوسری ششماہی میں بیجنگ میں منعقد ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کانگریس ایک ایسے اہم وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب سی پی سی بنیادی طور پر سوشلسٹ جدت کے ہدف کے حصول کے لئے کام کر رہی ہے اور دوسرے صد سالہ ہدف کی جانب بڑھ رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اجلاس پارٹی اور ملک دونوں کے لئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہوگا اور اسے ایک اہم سیاسی اجتماع کی حیثیت حاصل ہوگی۔
بیان کے مطابق مندوبین کا انتخاب اس کانگریس کی کامیابی کے لئے ایک اہم بنیاد فراہم کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے اور انتخابی عمل کے لئے مجموعی تقاضوں، مقاصد اور ذمہ داریوں کا تعین کرنے کے لئے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی اور سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے اجلاس طلب کئے۔
بیان کے مطابق ملک بھر میں قائم 38 انتخابی یونٹس کے ذریعے کانگریس کے لئے مجموعی طور پر 2 ہزار 360 مندوبین منتخب کئے جائیں گے۔
بیان میں زور دیا گیا کہ انتخابی عمل میں سیاسی معیار کو اولین ترجیح دی جائے، اہلیت کے سخت معیار پر عمل کیا جائے، انتخابی طریقہ کار کی مکمل پابندی کی جائے اور انتخابی نظم و ضبط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ منتخب ہونے والے مندوبین اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل، متوازن نمائندگی کے حامل اور پارٹی ارکان کی وسیع حمایت کے حامل ہوں۔
سی پی سی نے 21 ویں قومی کانگریس کے مندوبین کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا



