دارالسلام (شِنہوا) تنزانیہ کی صدر سامعہ صلوحو حسن نے چینی کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔
صدر سامعہ حسن نے یہ بات چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والے سٹینڈرڈ گیج ریلوے (ایس جی آر) کے چھٹے حصے کی تعمیر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ ریلوے لائن تابورا کو کیگوما سے ملائے گی۔
یہ منصوبہ چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن (سی آر سی سی ) اور چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن (سی سی ای سی سی) کے اشتراک سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔
صدر سامعہ حسن نے کہا کہ تنزانیہ میں ٹرانسپورٹ اور نقل وحمل کی بنیادی سہولتوں کی ترقی میں چینی کمپنیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سفری وقت کم ہوگا، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جدید ٹرانسپورٹ کی بنیادی سہولتوں کو وسعت دینے کے ہمارے عزم کا مظہر ہے تاکہ تجارت کو فروغ دیا جا سکے، اخراجات کم ہوں اور عوام و کاروباری اداروں کو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں سے بہتر طور پر جوڑا جا سکے۔
تنزانیہ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ مکامے مباراوا نے کہا کہ ایس جی آر کی توسیع ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ریلوے، بندرگاہوں اور فضائی نقل و حمل کے نظام کو آپس میں مربوط بنانا اور تنزانیہ کو خطے کا ایک مسابقتی نقل وحمل کا مرکز بنانا ہے۔
چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن (سی سی ای سی سی) کے نائب جنرل منیجر ژانگ جون لے نے کہا کہ تنزانیہ کا ایس جی آر منصوبہ مشرقی افریقہ کے مرکزی ترقیاتی راہداری کا ایک بنیادی منصوبہ ہے۔ ان کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ریلوے لائن کے اطراف زراعت، تجارت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں کی مشترکہ ترقی کو فروغ ملے گا اور مشرقی افریقہ میں علاقائی اقتصادی انضمام کو مضبوط رفتار حاصل ہوگی۔
تنزانیہ کی صدر بنیادی شہری سہولتوں کی ترقی میں چینی کمپنیوں کے کردار کی معترف



