واشنگٹن(نیشنل ٹائمز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی بیشتر اشیا پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کینیڈا نے امریکی گاڑیوں اور ڈیری مصنوعات کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے ٹرمپ کی ٹیرف پالیسیوں کے جواب میں اقدامات کئے تھے، اس لئے اسے جواب دہ ٹھہرانا ضروری ہے۔
عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر ٹرمپ نے 1930 کے ٹریڈ ایکٹ کے سیکشن 338 کے تحت ٹیرف نافذ کرنے کے لئے تین اعلانات پر دستخط کئے ہیں۔
گزشتہ سال بعض ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس نے اس شق کو ختم کرنے کی تجویز دی تھی کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اسے معیشت کو غیر مستحکم کرنے کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔
نئے 50 فیصد ٹیرف کا اطلاق توانائی کی مصنوعات، پوٹاش، مچھلی اور اہم معدنیات پر نہیں ہوگا تاہم ان اشیا کو بھی شامل کیا جائے گا جو اس سے قبل امریکا، میکسیکو، کینیڈا تجارتی معاہدے کے تحت درآمدی ٹیکس سے تحفظ حاصل کر رہی تھیں۔



