بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین آسٹریلیا کے ساتھ مل کر معمول کی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے لئے سازگار ماحول اور مستحکم توقعات فراہم کرنے کو تیار ہے۔
لی چھیانگ نے بیجنگ میں آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کے ہمراہ 9 ویں چین- آسٹریلیا سی ای او گول میز کانفرنس میں شرکت کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کی تزویراتی رہنمائی میں گزشتہ ایک سال کے دوران چین اور آسٹریلیا کے تعلقات اور باہمی تعاون میں نمایاں نئی پیش رفت ہوئی ہے۔
چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں ایسے وقت میں حاصل ہوئی ہیں جب بین الاقوامی تجارت کو شدید رکاوٹوں اور عالمی اقتصادی ترقی کو سست روی کا سامنا ہے۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی مضبوط اندرونی صلاحیت کو بھرپور انداز میں ظاہر کرتی ہے۔
لی چھیانگ نے مزید کہا کہ عملی تجربات سے بارہا ثابت ہوا ہے کہ چین اور آسٹریلیا کی اقتصادی صلاحیتیں ایک دوسرے کے لئے انتہائی معاون ہیں اور دونوں کے مشترکہ مفادات وسیع ہیں جس کے باعث وہ قدرتی شراکت دار اور ایک دوسرے کی ترقی کے لئے مواقع فراہم کرنے والے ممالک ہیں۔
لی چھیانگ نے کہا کہ عالمی ترقی کو اب بھی متعدد غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے، ایسے حالات میں مستحکم اور قابل اعتماد شراکت داروں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ چین اور آسٹریلیا کو چاہیے کہ وہ باہمی اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ وسیع تر اور اعلیٰ سطح کا باہمی مفید تعاون ممکن ہو سکے۔
اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ چین آسٹریلیا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون دونوں کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو ٹھوس فوائد فراہم کر رہا ہے۔
البانیز نے کہا کہ اگلے سال آسٹریلیا اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 55 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ آسٹریلیا اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مصنوعی ذہانت، ماحول دوست ترقی اور جدید زراعت سمیت مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ باہمی مفید تعاون کو مضبوط بنانے اور عوامی و ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
چین کا آسٹریلیا کے ساتھ کاروباری تعاون کے لئے مستحکم ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار



