رملہ(شِنہوا) فلسطین کی وزیر خارجہ وارسن آغابیکیان شاہین نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کیا گیا گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو (جی ڈی آئی) دنیا بھر میں جاری تنازعات اور بحرانوں کے تناظر میں مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ یہ بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور ترقی پذیر ممالک کی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
شاہین نے شِنہوا کو دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ غربت، غذائی عدم تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور تنازعات سمیت عالمی چیلنجز میں اضافے کے باعث ترقی کے حصول کے لئے بین الاقوامی تعاون پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔
فلسطینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ اقدام تنازعات سے متاثرہ خطوں بالخصوص مشرق وسطیٰ کے لئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے جہاں طویل عرصے سے جاری تنازعات اور بار بار پیدا ہونے والے بحرانوں کا سامنا ہے۔
شاہین کے مطابق ’’ترقی پر عالمی توجہ مرکوز کرنا ایک واضح پیغام دیتا ہے کہ مستقبل کی تعمیر کے لئے عوام پر سرمایہ کاری اور ان کی ضروریات پوری کرنا ضروری ہے۔‘‘
شاہین نے کہا کہ ’’فلسطینی عوام کے لئے ترقی کا مطلب مشکل سیاسی، اقتصادی اور انسانی حالات کے باوجود اپنی ثابت قدمی اور اپنی سرزمین پر رہنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔‘‘
شاہین نے فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کی معاونت کے لئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کرنے پر بھی چین کی ستائش کی۔
ستمبر 2021 میں چینی صدر شی جن پھنگ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس میں گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو پیش کیا تھا۔ عملی اقدامات کے ذریعے اس اقدام نے عالمی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے تحت 23 ارب امریکی ڈالر سے زائد کے مالی وسائل متحرک کئے گئے اور تعاون کے 2 ہزار سے زیادہ منصوبوں پر عملدرآمد کیا گیا۔
خصوصاً عالمی ترقی اور جنوب جنوب تعاون فنڈ کے تحت عملی تعاون کے نتیجے میں 70 سے زائد ممالک میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جس سے 4 کروڑ سے زیادہ افراد مستفید ہوئے ہیں۔
عالمی بحرانوں میں چین کے گلوبل ڈیویلپمنٹ انیشی ایٹو کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے، فلسطینی وزیر خارجہ



