ہفتہ رواں میں عالمی سطح پر بیٹیوں کا دن منایا گیا۔ اگرچہ بیٹے بھی باپ کے لئے راحت دل و جاں بلکہ اسکا مان ہوتے ہیں، مگر آج بیٹیوں کے عالمی دن کے حوالہ سے گفتگو بیٹیوں کی بابت ہی ہوگی۔ ہمارے دین اسلام میں بیٹی کا ایک خاص مقام، رتبہ اور رشتہ ہے۔ اہل مغرب اس رشتہ کی مٹھاس اور قدر سے یکسر محروم ہیں۔ وہاں بچی بالغہ ہونے کے بعد آزاد ہے۔ اسے تو والدین کے ساتھ رہنے پر مجبور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ جبکہ ہمارے ہاں جوں جوں بیٹی جواں ہوتی ہے، اسکی نگہداشت، اسکی قدر، اسکی عزت، اور اسکے وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہم تو بیٹی کو باعث رحمت سمجھتے ہیں۔ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان مبارک ہے، کہ تین بیٹیوں کی پرورش، تعلیم و تربیت اور شادیاں کرنے والا جنت کا حقدار ہے، اور پھر یہ خوشخبری دو بیٹیوں اور ایک بیٹی والوں کو بھی سنائی۔ نبی محتشم صلی للہ علیہ وآلہ وسلم نے صرف اسکا زبانی اعلان نہیں فرمایا بلکہ اپنی دختر عزیز، سیدہ کائنات بی بی فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ساتھ پیار و محبت اور احترام و شفقت کا عملی مظاہرہ کرکے بھی دکھایا اور ساتھ یہ بھی فرمایا کہ فاطمہ میری آنکھوں کی ٹھنڈک اور میرے دل کا ٹکڑا ہے۔ بیٹی دل کا ٹکڑا ہی تو ہوتی ہے۔ جو آنکھوں اور دل میں ہر وقت بستی ہے۔ جس گھر میں بیٹی ہو، وہ تو راحت و فرحت، آسودگی و فراوانی کا منبہ ہوتا ہے۔ بلاشبہ بیٹی والدین کی آنکھ کا تارا ہوتی ہے۔ باپ کا خیال بیٹی سے زیادہ شاید کوئی رکھ ہی نہیں سکتا۔ باپ شاید الفاظ میں بیٹی کے لئے وہ گرمجوشی نہ رکھتا ہو، مگر بیٹی کے لئے احساسات میں وہ اتنا گرمجوش اور پیار و چاہت کا پیکر ہوتا ہے، کہ الفاظ ان جذبات کا احاطہ کرنے سے قاصر ہیں۔ یہ خیال ہی اتنا سحر انگیز اور دلپزیر ہے، کہ باپ کا خیال رکھنے کے لئے بیٹیاں موجود ہیں۔ زمینی فاصلے اور گھریلو مجبوریاں اس پیار و آشفتگی میں حائل نہیں ہو تیں۔ باپ کا کام بیٹی کی اچھی تعلیم اور اس سے بھی زیادہ اسکی تربیت کرنا ہے۔ اگرچہ تربیت میں ماں کا رول باپ سے زیادہ اہم ہوتا ہے، مگر آج ایک باپ ہونے کے ناطے اس رشتہ پر بات کرنے کو جی کر رہا ہے۔ باپ صرف باپ نہیں بلکہ بیٹیوں کا دوست ،ہمدرد، کفیل ، غمگسار اور محافظ بھی ہوتا ہے۔ بیٹی باپ کے لئے باعث تفاخر اور گھر کی شان ہوتی ہے۔ باپ اور بیٹی کا رشتہ بڑا انمول، میٹھا، رسیلا، دل فریب، دلکش، دلپزیر، راحت آمیز، اثر آفرین، پر سوز، پر بہار، پر امید و جاں فزا ہوتا ہے، کہ اسکی موجودگی وقتی طور پر اسے تمام غم و فکر سے آزاد کر دیتی ہے۔ بیٹی تو صرف باپ کا اعتماد مانگتی ہے، یہ اعتماد اسے باشعور، طاقتور اور اپنے قدموں پر کھڑا ہونا سکھاتا ہے۔ کہ اس دور پر آشوب میں بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ انہیں امتداد زمانہ کی سرکش لہروں کے مقابل ایک پر وقار اور باعزت زندگی گزارنے کے لئے والدین کا یہ اعتماد اور بھروسہ ہی تو ان بیٹیوں کا زاد راہ ہوتا ہے۔
بیٹیوں کا عالمی دن



