جیو چھوان (شِنہوا) چین نے ہفتے کے روز 4 سیٹلائٹس سے لیس سیریس-2 وائی 3 کیریئر راکٹ کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کردیا۔
راکٹ نے بیجنگ کے وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 37 منٹ پر چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیوچھوان سیٹلائٹ لانچ سنٹر سے پرواز کی اور چاروں سیٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ 535 کلومیٹر بلندی پر سورج سے ہم آہنگ مدار میں پہنچا دیا۔
چاروں سیٹلائٹس کا تعلق مختلف شعبوں سے ہے جن میں سمندری ریموٹ سینسنگ، تجارتی موسمیاتی خدمات، جامعات کی زیر نگرانی سائنسی تحقیق اور خلائی صورتحال کی نگرانی شامل ہیں۔
راکٹ کی تیاری میں شامل ٹیم کے مطابق کامیاب آزمائشی پرواز اور چاروں سیٹلائٹس کو درست مدار میں پہنچانا ایک نئے تجارتی لانچ وہیکل کی باضابطہ سروس کے آغاز کی علامت ہے۔
سیریس-2 درمیانے درجے کی باربرداری کی صلاحیت رکھنے والا راکٹ ہے جسے تجارتی خلائی لانچ مارکیٹ کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ سیریس راکٹوں کا یہ جدید ماڈل یکے بعد دیگرے نصب تین ٹھوس ایندھن کے مراحل اور ایک مائع ایندھن کے بالائی مرحلے پر مشتمل ہے۔ اس راکٹ کا مجموعی وزن تقریباً 100 ٹن ہے اور یہ 500 کلومیٹر بلند سورج سے ہم آہنگ مدار میں 1.3 ٹن وزنی پے لوڈ پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے خشکی اور سمندر دونوں مقامات سے لانچ کیا جا سکتا ہے۔
چین نے سیریز-2 کیریئر راکٹ کامیابی سے خلا میں روانہ کردیا



