راولپنڈی(نیشنل ٹائمز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کویت کے اعلی سطح وفد نے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو دفاعی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کی تجدید کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات علاقائی سلامتی اور استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔



