ریاض(نیشنل ٹائمز) سعودی عرب میں گرمی کے موسم میں بڑے شہروں میں تجاراتی مراکز، رہائشی عمارتوں اور گوداموں میں آتش زدگی کے واقعات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔موسم گرما کے آغا ز پر ایسے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ گزشتہ شام ریاض کے ایک مشہور تجارتی مرکز میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی ہے جبکہ پانچ زخمی ہیں۔سعودی میڈیا کے مطابق آتش زدگی کا یہ واقعہ ریاض کے علاقے الدیرہ کے ایک تین منزلہ شاپنگ سنٹر میں پیش آیا ہے۔ جب وہاں آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس واقعے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے جبکہ افراد بُری طرح جُھلس گئے ہیں جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیمیں پہنچ گئی تھیں۔آتشزدگی سے ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا تھا تاہم مستعد فائر فائٹرز نے خاصی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔اس تین منزلہ شاپنگ سنٹر کو فوری طور پر لوگوں سے خالی کرا لیا گیا تھا۔ آتشزدگی کے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل ساحلی شہر جدہ کے دو گوداموں میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی جس سے آگ کے شعلے اور دھواں اس قدر بلند تھا کہ دُور دُور تک دکھائی دے رہا تھا۔ آس پاس کے رہائشی خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ تاہم کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد اس آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔یہ واقعہ جدہ کے جنوبی علاقوں میں واقع گوداموں میں پیش آیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ شہری دفاع نے ٹویٹر پر بتایا ہے کہ اہلکاروں نے دو گوداموں میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں۔ اسی ہفتے مکہ کے علاقے الغمس کے ایک گودام میں بھی آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ جس پر کچھ دیر بعد قابو پا لیا گیا تھا۔ اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔واضح رہے کہ کمپنیوں اور گوداموں میں آتش زدگی کے واقعات بڑھنے پر حکومت کی جانب سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جانے لگا ہے کہ شاید کچھ افراد انشورنس کلیم کرنے کی خاطر جان بوجھ کر ایسی حرکتیں کرتے ہیں۔ واضح رہے چند روز قبل ریاض کی ایک فارمیسی میں اس وقت آگ بھڑک اُٹھی تھی جب ایک بے قابو کار اس کا بیرونی شیشہ توڑتے ہوئے اندر آ گھُسی اتھی۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں فارمیسی کے ملازمین بال بال بچ گئے ہیں البتہ گاڑی پوری طرح تباہ ہو گئی تھی۔ سعودی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ کنگ عبداللہ روڈ پر پیش آیا جس کے بعد اس سڑک پر ٹریفک جام ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خنشلیلہ کے علاقے میں ایک گاڑی تیز رفتاری کے باعث فارمیسی کا شیشہ توڑتی ہوئی اندر گھُس گئی۔ پھر اس گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تو اس حادثے پر پریشان فارمیسی کے سٹاف میں کھلبلی مچ گئی۔تمام ملازمین دوڑ کر باہر آ گئے۔ گاڑی میں سے شعلے بلند ہوتے رہے۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فارمیسی میں موجود دو کارکنان اطمینان سے بات چیت میں مصروف ہیں جب اچانک ایک کار فارمیسی کے سامنے والی سائیڈ کا شیشہ توڑ کر اندر آ گھستی ہے۔ یہ دونوں کارکنا ن اس حادثے میں بچ جاتے ہیں۔ پھر اس گاڑی میں سے آگ کے شعلے نکلتے ہیں۔ فائر بریگیڈی کے عملے نے آگ پر قابو پا کر فارمیسی کو بڑے نقصان سے بچا لیا ہے۔
ریاض کے مشہور تجارتی مرکز میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، ایک خاتون جاں بحق جبکہ پانچ زخمی



