کراچی (نیشنل ٹائمز ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک کار کے حادثے میں غیر ملکی خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کے تفریحی مقام دو دریا کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار کار کے حادثے میں غیر ملکی خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے ، ہلاک خاتون کی شناخت اومی کے نام سے ہوئی اور اس کا تعلق صومالیہ سے تھا ۔
ریسکیو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کا تعلق کینیا سے ہے ، حادثے کا شکار تمام افراد دوست ہیں اور جامعہ کراچی کے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں جب کہ اس حادثے میں زخمی ہوئے ایک غیرملکی ایلوین نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں ایلوین نے بتایا کہ ہم جامعہ کراچی میں فارمیسی کے طالب علم ہیں ، حادثے میں ہالک ہونے والی خاتون اومی ہے جس کا تعلق صومالیہ سے تھا جب کہ زخمیوں میں میریس اور گیڈم ہیں ان کا تعلق کینیا سے ہے ، حادثے کے وقت زخمی میں گاڑی چلا رہا تھا ، ہم لوگ کسی کام سے ڈیفنس جا رہے تھے کہ دو دریا کے قریب گاڑی کا ٹائر پھٹنے کی آواز آئی اور ان کی گاڑی ٹکرا گئی۔
ادھر بارہ کہو سے مری جانے والی تیز رفتار کار پٹرول پمپ کے بورڈ سے ٹکرا گئی، اور حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کردیئے گئے ، حادثے کے شکار افراد کا تعلق نیو مری کے علاقے گہل سے ہے کار میں سوار 6 افراد بہارہ کہو سے مری جارہے تھے کہ بھیر پل کے قریب پیٹرول پمپ کے باہر لگے ہوئے بورڈ سے ٹکرا گئی، حادثہ کار ڈرائیور کے سو جانے کی وجہ سے پیش آیا ، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حمزہ ممتاز، فہد عباسی اور فرحان عباسی کے ناموں سے ہوئی ، حادثے میں سہراب، سبحان اور ساجد زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں، زخمی انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔



