اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فوادحسین نے کہاہے کہ ناکام اور عوام سے مسترد شدہ سیاسی بیروزگاروں نے سیاسی آکسیجن حاصل کرنے کیلئے آج ایک اور بیٹھک لگائی،بارہا انہیں سمجھایا کہ سیاست میں اپنی جگہ بنانے کیلئے اجلاسوں کی تاریخیں نہیں، اپنے لچھن بدلیں،انہیں یہ بھی سمجھایا کہ عوام کے دلوں تک کا راستہ سازشوں سے نہیں اپنے کرتوتوں سے توبہ کرکے ہموار کیا جاسکتا ہے ،مولانا کی امامت میں پی ڈی ایم والے احتجاج کا مستقبل پہلی تحریکوں سے ہرگز مختلف نہ ہوگا،یہ بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں کسی دھونس اور دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے، پی ڈی ایم والوں کو انتخابی نظام کی تطہیر اور معیشت کی تعمیر میں رکاوٹ بننے دیں گے نہ اس ایجنڈے سے پیچھے ہٹیں گے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس اور اس میں کئے گئے فیصلوں پراپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ ناکام اور عوام سے مسترد شدہ سیاسی بیروزگاروں نے سیاسی آکسیجن حاصل کرنے کیلئے آج ایک اور بیٹھک لگائی،بارہا انہیں سمجھایا کہ سیاست میں اپنی جگہ بنانے کیلئے اجلاسوں کی تاریخیں نہیں، اپنے لچھن بدلیں، انہیں یہ بھی سمجھایا کہ عوام کے دلوں تک کا راستہ سازشوں سے نہیں اپنے کرتوتوں سے توبہ کرکے ہموار کیا جاسکتا ہے، مگر سیاسی بے روزگاروں کی انجمن کا فیصلہ ہے کہ پاکستان میں کسی اچھے کام کا حصہ نہیں بنیں گے، فواد حسین چودھری نے کہاکہ مولانا(فضل الرحمان ) کی امامت میں انکے احتجاج کا مستقبل پہلی تحریکوں سے ہرگز مختلف نہ ہوگا، معیشت کی تباہی کی بنیاد رکھ کر یہ جس غریب عوام پر عرصہ حیات تنگ کرکے گئے وزیراعظم مسلسل ان کے دکھوں کا مداوا کرنے میں مصروف ہیں، 120 ارب کے تازہ ترین ریلیف پیکیج کے سامنے آتے ہی اس گروہ کو اپنا مستقبل مستقل تاریکیوں کی نظر ہوتا دکھائی دے رہا ہے، وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکیج سے اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر عوام کو دستیاب ہوں گی ۔آج کی بیٹھک کا دوسرا بڑا فیصلہ ہے کہ انتخابات میں شفافیت کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔یہ گروہ چاہتا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے دروازے کھلے رہیں تاکہ ان کی بقا کے امکانات زندہ رہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں انتخابی نظام کی تطہیر اور معیشت کی تعمیر میں رکاوٹ بننے دیں گے نہ اس ایجنڈے سے پیچھے ہٹیں گے ۔یہ بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں کسی دھونس اور دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس پر ردعمل



