اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخواہ کے صدر ایمل ولی خان نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے ایمل ولی خان سے ان کے والد اسفند یار ولی خان کی صحت کے متعلق خیریت دریافت کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی اور اے این پی کے صوبائی صدر کے درمیان کے پی کی سیاسی صورتحال پر اور کے پی کے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جیت کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے دوران سید نیر حسین بخاری، سینیٹر فرحت اللہ بابر اور فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے پیپلزپارٹی کے پی کے صدر نجم الدین خان، جنرل سیکریٹری شاذی خان اور امجد آفریدی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پیپلزپارٹی کے صوبائی عہدیداران نے پارٹی چیئرمین کو سیاسی او رتنظیمی صورتحال اور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پشاور اور ایبٹ آباد میں پارٹی کی کامیابی کے حوالے سے رپورٹ دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کے پی کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی سطح پر پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کو بے نقاب کریں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے انصاف کے نام پر عمران خان نے کے پی میں صحت کا نظام تباہ کر دیا ہے۔ عمران خان جس منصوبے پر ہاتھ ڈالتے ہیں وہ تباہ ہو جاتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کے پی کے آٹھ سالہ دور اقتدار میں عمران خان نے کوئی ایسا ڈھنگ کا کام نہ کر سکے جسے وہ اپنا کارنامہ دے سکیں۔ پیپلزپارٹی کے وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف ، جنرل سیکریٹری حسن مرتضی اور سیکریٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے بھی زرداری ہاؤس میں چیئرمین پی پی پی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وسطی پنجاب کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر بات چیت ہوئی اور وسطی پنجاب کے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین پی پی پی نے وسطی پنجاب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی پنجاب میں کارکردگی صفر ہے۔ پنجاب کے عوام بزدار سرکار سے بے زار ہو چکے ہیں۔ بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ پنجاب کا چپہ چپہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی سزا بھگت رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنجاب کے جیالے اٹھ کھڑے ہوں ہم عمران خان کے اقتدار کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے ساتھ یہ ناانصافی ہوگی کہ وہ بزدار حکومت کی نااہلی کی سزا بھگتیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی سے پیپلزپارٹی پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چودھری یاسین نے بھی زرداری ہاؤس میں ملاقات کی اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔
چئیرمین پی پی پی کی اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان سے ملاقات، کے پی کے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جیت کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال



