لاہور(نیشنل ٹائمز) اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمامتحفظ نظریہ پاکستان ٹرین مارچ کا آغاز ہوگیا۔ریلوے اسٹیشن لاہور پر ٹرین مارچ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر حکومت دھمکیاں دینا بند کرے،اپوزیشن کو دلائل سے قائل کرے۔یہ کیسی جمہوریت ہے کہ شفاف الیکشن کے نام پرآمرانہ انداز اپنایا جارہاہے۔الیکشن کمیشن حکومت کا غلام ادارہ نہیں۔ای وی ایم کا آئیڈیا مسترد کرتے ہیں۔ حکومت کے پاس ووٹنگ مشین پر اٹھنے والے فنی و تکنیکی سوالات کا کوئی جواب نہیں۔ وزرا کی اداروں کو آگ لگانے، ان کے جہنم میں جانے کی گفتگو ریاست دشمن رویہ ہے۔پاکستان ہمارے آبا اجداد کی محنتوں کا لا زوال ثمر ہے۔قائد اعظم اور علامہ اقبال نے انگریزوں اور ہندوں سے آزادی دلائی۔پاکستان کا نظریہ صرف ایک نظریہ ہی نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد عملی طور پر اسلامی زندگی کا تصور ہے۔نظریہ پاکستان کا تحفظ کرنا ہر محب وطن مسلمان کے لیے ضروری ہے۔اہل حدیث یوتھ فورس نے اسکا شعور بیدار کرنے کے لیے ٹرین مارچ کا اہتمام کیا ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہو ں نے کہا کہ جس طرح افغان عوام نے اپنی دینی اور قومی روایات کو برقراررکھا اورپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کیا،اسی طرح ہمیں بھی مغرب کی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کرنا ہو گا۔تب ہی ہم اپنے وطن کی بنیادوں میں شامل لاکھوں شہدا کے خون سے وفا کرسکتے ہیں۔ نظریہ پاکستان کا تحفظ ہی ملک و قوم کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے۔پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ آزادی ھند میں پانچ لاکھ علما اھل حدیث کو انگریزوں نے شہید کیا۔انہیں کالا پانی، پھانسی، قتل، جیل، شہر بدری اور نظر بندی وغیرہ کی سزائیں دیں، پنڈت جواہر لال نہرو نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ہندوستان کے تمام لوگوں نے آزادی کے لیے جوقربانیاں دی ہیں ان تمام قربانیوں کو ایک پلڑے میں رکھا جائے اور علمائے اہل حدیث صادقپورکے قربانیوں کو دوسرے پلڑے میں رکھا جائے تو علمائے اہل حدیث صادقپوری کی قربانیاں بہت زیادہ ہیں اہل حدیثو! نظریہ پاکستان کے اصل محافظ تم ہی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جدوجہد میں ہزاروں خاندانوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج قوم میں قیام پاکستان والا جذبہ پیدا کیا جائے۔ قوم کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد و بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ لازوال قربانیوں سے حاصل کئے گئے ملک پاکستان کی ترقی اور بقا کیلئے طلبہ نوجوانواں اور تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہو گا۔اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ یونس آزاد بھی موجود تھے۔ٹرین مارچ میں شریک قیادت رائے ونڈ، کوٹ رادھا کشن، چھانگا مانگا،پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں،خانیوال،ملتان کینٹ، شجاع آباد، لودھراں،بہاولپور، ڈیرہ نواب، لیاقت پور کے مقامات پر منعقدہ استقبالیہ اجتماعات سے خطاب کرے گی۔ٹرین مارچ کی قیادت اہل حدیث یوتھ فورس کے مرکزی صدر حافظ فیصل افضل شیخ، سیکرٹری جنرل حافظ عامر صدیقی، پنجاب کے صدر حافظ سلمان، صوبائی جنرل سیکرٹری حافظ محمد قسیم،جماعت کے مرکزی رہنما علامہ ابتسام الہی ظہیر،رانا محمد شفیق خاں پسروری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد،صاحبزادہ انعام الرحمن یزدانی کررہے ہیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں بدامنی ختم کر نے میں ریاستی اداروں نے بھر پور کردار ادا کیا ہے۔امریکہ اور اس کے اتحادی مسلمانوں پر ظلم کر رہے ہیں ان کی کوشش ہے اسلامی اقدار کے کو ختم کردیا جائے،امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ہاتھوں سے آج بھی بے گناہ مسلمانوں کا خون ٹپک رہا ہے،امریکہ کو افغانستان سے دینی قوتوں نے بھاگنے پر مجبور کیا۔ علما ملک کو سیکولر ریاست نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نظریہ کی جنگ لڑ رہے ہیں ہم نے ہمیشہ اسلام کی سر بلندی اور مغربی تہذیب کیخلاف جدوجہد کی ہے اورکر تی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ختم نبوت ہم سب کا عقیدہ ہے جناب رسول اللہ ﷺسے محبت ہر مسلمان کی قدر مشترک ہے اسی طرح ناموس صحابہ کا دفاع ہم پر فرض ہے، اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔ علامہ ابتسام الہی ظہیر نے کہا کہ وطن عزیز نازک حالات سے گزر رہا ہے اس نازک گھڑی میں ہر محب وطن کو میدان میں اتر ناہو گا اور ملک میں انتشار پیدا کر نے والوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہو گا انہوں نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کے لیئے گہری سازشیں ہورہی ہیں ان پرنظر رکھنی ہو گی انہوں نے کہا کہ مو جو دہ حا لات میں اتحاد امت کی سب سے زیا دہ ضرورت ہے۔اہل حدیث یوتھ فورس پاکستا ن کے صدر حافظ فیصل افضل شیخ نے کہا کہ پاکستان ہماری جان اور پوری دنیا میں ہماری پہچان ہے۔ اس عظیم فلاحی ریاست بنانے کیلئے دل و جان سے کوشش کرنا ہو گی۔ اور اپنی نسل نو کو جد وجہد آزادی پاکستان سے روشناس کروانے کیلئے ہمیں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔آزادی کی قدر کرنے والی قومیں آج دنیا پر حکمرانی کر رہی ہیں۔پاکستان کا نظریہ صرف ایک نظریہ ہی نہیں بلکہ اس کا اصل مقصد عملی طور پر اسلامی زندگی کا تصور ہے۔ ٹرین مارچ کا مقصد بھی یہ ہے کہ قوم کو اپنے تاریخی نظریہ سے روشناس کرائیں۔جنرل سیکرٹری حافظ عامر صدیقی نے کہا کہ نظریہ پاکستان کا قیام ایک نظریہ، ایک عقیدہ اور ایک کلمہ کی وجہ سے عمل میں آیا ہے۔ اس کا مقصد اسلامی اصولوں کی نشرواشاعت اور دنیاوالوں کے سامنے ایک مثالی مملکت کا نمونہ پیش کرنا ہے۔یہ نظریہ رنگ و نسل اور وطن کی اہمیت کو ختم کردیتا ہے اور ایک عقیدہ، ایک نظریہ اور ایک کلمے کے پڑھنے والوں کو ایک لڑی میں پرودیتا ہے۔صوبائی صدر حافظ سلمان اعظم نے کہا کہ نظریہ پاکستان کا مقصد نئی مملکت ایک مثالی اسلامی حکومت کا قیام تھا جہاں اللہ کا قانون ہو اور جہاں کے لوگ اسلامی ضابطوں کے امین ہوں۔ ہندوں نے انگریزوں کی ساتھ مل کر مسلمانوں پر مظالم توڑے اور کاروبار اور ملازمت وغیرہ سے محروم کرکے غلامانہ زندگی بسر کرنے پر مجبور کیا۔ان حالات میں قیام پاکستان کا مطالبہ شدت پکڑ گیا اور اور قائدِاعظم کی قیادت میں اللہ کے فضل و کرم سے ہمیں ایک آزاد مملکت پاکستان کی صورت حاصل ہوئی۔آج پاکستان کے تحفظ اور بقا کے لیے نظریہ پاکستان بہت اہمیت رکھتا ہے۔ جس کی رو سے ہماری زندگی دیانت، ہمدردی، اخوت اور عظمت کردار کی حاصل ہونی چاہئے۔ملتان میں جنوبی پنجاب کے رہنماں اکرم شہزاد اور طلحہ ثنا اللہ ٹرین مارچ کے قائدین کا استقبال کریں گے۔ ٹرین مارچ کے شرکا نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔
اہل حدیث یوتھ فورس کے زیر اہتمام تحفظ نظریہ پاکستان ٹرین مارچ کا آغاز ہوگیا



