منیلا (شِنہوا) ایک ماہر نے کہا ہے کہ بنیادی ڈھانچے، علاقائی روابط اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں چین کے تجربات، طویل مدتی منصوبہ بندی اور مربوط ترقی کی حکمت عملی کے ساتھ ایشیا بحرالکاہل خطے میں معاشی ترقی کے لئے عملی رہنمائی فراہم کر رہے ہیں اور علاقائی انضمام میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون (اپیک) کے آئندہ سربراہ اجلاس سے قبل شِنہوا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اپیک بزنس ایڈوائزری کونسل (ابیک) کے سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر انتونیو باسیلیو نے کہا کہ چین نے علاقائی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں خاص طور پر منصوبوں کے حجم، تکنیکی صلاحیت اور مالی معاونت کے حوالے سے واضح طور پر مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیرات اور مالی معاونت میں چین کی شمولیت سے انڈونیشیا میں جکارتہ۔بانڈونگ ہائی سپیڈ ریلوے اور ملائیشیا میں کوانتان بندرگاہ جیسے منصوبوں نے سفر کا دورانیہ اور نقل و حمل کے اخراجات کم کئے ہیں۔ ان منصوبوں کی بدولت کسانوں کے لئے اپنی زرعی پیداوار منڈیوں تک پہنچانا آسان ہوا ہے، مقامی آبادی کو سکولوں اور ہسپتالوں تک بہتر رسائی ملی ہے اور مقامی کاروباری اداروں کے لئے عالمی سپلائی چینز کا حصہ بننے کے مواقع بھی بڑھے ہیں۔
باسیلیو نے کہا کہ اپیک کا پلیٹ فارم مختلف ترقیاتی تجربات کی حامل معیشتوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شی زین، جہاں 33ویں اپیک اقتصادی رہنماؤں کا اجلاس 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہونا طے ہے، رکن معیشتوں کے لئے یہ دیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے کہ چین کا ترقیاتی ماڈل کس طرح نہ صرف خود چین بلکہ پورے خطے کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچا رہا ہے۔
ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے باسیلیو نے کہا کہ چین کے ای کامرس پلیٹ فارمز، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور جدید لاجسٹکس کے نظام سے کاروباری اداروں کو صارفین تک رسائی حاصل کرنے، اخراجات کم کرنے اور پیداواری صلاحیت بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے ماحول دوست ترقی کے حوالے سے کہا کہ قابل تجدید توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کے شعبوں میں چین کے تجربات ظاہر کرتے ہیں کہ اختراع کس طرح معاشی مسابقت اور ماحولیاتی پائیداری دونوں کو فروغ دے سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “کچھ ترقی پذیر معیشتوں کے لئے چین کی یہ ٹیکنالوجیز روایتی مشکلات پر قابو پانے کے مواقع فراہم کرتی ہیں، جن میں طویل فاصلے، بنیادی ڈھانچے کی محدود سہولیات اور چھوٹی مقامی منڈیوں جیسے مسائل شامل ہیں۔”
چین کے ترقیاتی تجربات خطے کی ترقی کے لئے قابل تقلید ہیں، اپیک عہدیدار



