کراچی(نیشنل ٹائمز)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، حکومت کو اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنا اور سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میڈیا معاشرے کا چیک اینڈ بیلنس ہے، صحافی ملک کی اصل طاقت ہیں، آواز اور قلم میں حکومتیں بنانے اور گرانے کی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں صحافی اتنا کمزور نہیں تھا جتنا آج ہے تو اس کو ری سیٹ کرنا پڑے گا تاکہ آپ کے پاس وہ طاقت ہو جو آپ کا حق ہے، اگر آپ کو سچ بولنے کیلئے سوچنا پڑے گا تو میڈیا کا ادارہ چل نہیں سکے گا، سیاستدان کردار ادا نہیں کریں گے تو عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی طرف نہیں جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہمیں قانونی حیثیت بحال کرنا ہوگی جو ہر ادارے میں ہم نے کھوئی ہے، سب سے پہلے میڈیا سے شروع کرتے ہیں، کراچی پریس کلب سے آغاز کرتے ہیں، میڈیا کی آزادی کے لیے ہم نسل در نسل جدوجہد کرتے آ رہے ہیں، ہم صحافیوں کی آواز بننے کیلئے تیار ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، اختلافِ رائے کا جواب گولی، بندوق اور دھمکیوں سے نہیں دینا چاہیے، اپوزیشن پر تنقید کی بنیاد پر اسے محب وطن نہ ہونے کا الزام دینا ناانصافی ہے، حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی حب الوطنی پر شک کرنا پارلیمان اور ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سسٹم خودتباہ نہیں ہوا اسے تباہ کیا گیا ہے، سسٹم کا جو علاج بتایا جا رہا ہے وہ اس بیماری کا علاج نہیں، ری سیٹ کرنے کیلئے غیرسیاسی نہیں سیاسی ہونا پڑے گا، سسٹم کو پارلیمان کے ذریعے ری سیٹ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جتنا بھی برا لگے لیکن مولانا فضل الرحمان کی باتوں کا جواب دیں، مولانا فضل الرحمان کے بغیر آپ آج کرسی پر نہ بیٹھے ہوتے، مولانا اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنا ہے، اگر چاہتے ہیں کہ پارلیمان کام کرے تو انتقامی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی، آخر مزید کتنا انتقام لینا ہے؟
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل چلا جاتا ہے، اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، خوف ہے ان حالات میں پاکستان کے عوام کا کیا حال ہوگا، سیاستدان عوامی مسائل بھول چکے ہیں باقی ہر موضوع یاد ہے۔



