تاثرات

قرأن پاک میں اللہ تعالی ارشاد فرماتے ہیں ، ظالموں کو نہ سمجھو کہ انہیں ڈھیل ملی ہے یہ فقط مہلتِ چند روزہ ہے، پکڑ باقی ہے

قانون کا تازیانہ صرف غریب کے لیے، حکمرانوں کے لیے ہر طرف عافیت!

ظلم جب حد سے گزر جاتا ہے تو مٹ جاتا ہے
خونِ مظلوم کبھی رائیگاں نہیں جاتا ہے

پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت نے قانون کی عمل داری کے نام پر جس انداز سے ٹریفک چالانوں کی مہم برپا کر رکھی ہے اس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ریاست کے تمام تر وسائل، تمام تر انتظامی مشینری اور قانون کی پوری قوت کا رخ صرف اس طبقے کی طرف موڑ دیا گیا ہے جس کے پاس نہ سفارش ہے نہ اختیار نہ اقتدار کے ایوانوں تک رسائی اور نہ ہی اپنی بے بسی کا نوحہ سنانے کے لیے کوئی مؤثر فورم ریڑھی پر حلال رزق کمانے والا محنت کش ہو موٹر سائیکل پر بائیک رائیڈنگ کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والا نوجوان ہو یا کندھوں پر سامان اٹھائے گلی کوچوں میں روزی کی تلاش میں سرگرداں کوئی غریب مزدور سبھی اس مہم کی زد میں ہیں گویا اس مملکتِ خداداد میں غربت بھی ایک جرم قرار پا چکی ہے اور سڑک پر نظر آنا گویا کسی قابلِ تعزیر فعل سے کم نہیں رہا حکومت کا فرمان ہے کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے سبحان اللہ! کیا خوب دعویٰ ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ قانون کی یہ یکسانیت صرف غریب کی گردن پر ہی کیوں آزمائی جاتی ہے؟ قانون کی تلوار جب کسی ریڑھی بان مزدور یا موٹر سائیکل سوار کے سر پر برستی ہے تو انتظامیہ کی پھرتیاں دیدنی ہوتی ہیں لیکن جب بجلی چوروں، ذخیرہ اندوزوں مافیاز اور بااثر طبقات کی باری آتی ہے تو یہی قانون نہ جانے کس مصلحت کی دبیز چادر اوڑھ کر محوِ استراحت ہو جاتا ہے بجلی کے بلوں میں کیپیسٹی چارجز کے نام پر عوام سے وصولیاں ہوں گیس اور ایل پی جی کے ہوش ربا نرخ ہوں یا روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے لگام اضافہ، ان تمام معاملات میں عام آدمی کے لیے کوئی ریلیف دکھائی نہیں دیتا۔ ریاست کا ہاتھ وصولی کے لیے تو دراز ہے، مگر ریلیف دینے کے وقت یہی ہاتھ نہ جانے کیوں سکڑ جاتا ہے۔
ابھی ایک ایسا دل خراش واقعہ بھی سامنے آیا جس نے انتظامی بے حسی اور انسانی ہمدردی کے فقدان پر کئی سوالات کھڑے کر دیے اطلاعات کے مطابق لیسکو کے ایک صارف کی اہلیہ وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج تھیں مگر بجلی کا بل بروقت ادا نہ ہونے پر اس کا کنکشن منقطع کر دیا گیا متاثرہ شخص کی فریاد اور مجبوری کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی اور بالآخر اس کی اہلیہ زندگی کی بازی ہار گئیں اگر اس واقعے کی تمام تفصیلات اور ذمہ داروں کی آزادانہ تحقیقات ہوتی ہیں تو بہت سے حقائق سامنے آ سکتے ہیں لیکن بنیادی سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا بجلی کا ایک بل انسانی جان سے زیادہ قیمتی ہو گیا ہے؟ کیا سرکاری محکموں کے ضابطے انسانی ہمدردی اخلاقی ذمہ داری اور بنیادی انسانی حقوق سے بھی بالاتر ہو چکے ہیں؟ یہ طرزِ عمل کسی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے جو لوگ کل تک صدقات و خیرات دیا کرتے تھے آج خود دستِ سوال دراز کرنے پر مجبور ہیں۔ بجلی اور گیس کے بل متوسط طبقے کی قوتِ برداشت سے باہر ہو چکے ہیں حکمران بڑے اطمینان سے فرماتے ہیں کہ وہ سینے پر پتھر رکھ کر مشکل فیصلے کرتے ہیں حضورِ والا! ذرا اس پتھر کا وزن بھی ملاحظہ فرما لیجیے کیونکہ یہ پتھر آپ کے سینوں پر نہیں بلکہ غریب عوام کے سینوں پر رکھا جا رہا ہے حکمرانوں کے لیے سرکاری وسائل مراعات اور آسائشوں کے دروازے کھلے ہیں جب کہ عام شہری کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی ایک معرکہ بن چکا ہے
پنجاب میں بیوٹیفیکیشن کے نام پر اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے گئے بلند بانگ دعوے ہوئے تشہیر کے ڈھول بجائے گئے مگر چند بارشوں نے ان منصوبوں کی پائیداری اور معیار پر سوالیہ نشان ثبت کر دیے عوامی خزانے سے خرچ ہونے والی رقم کا حساب دینا حکمرانوں کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے گیارہ ارب روپے کے ٹائروں سے متعلق منصوبے اور ٹریفک چالانوں کی مد میں ہونے والی وصولیوں کے بارے میں بھی عوام کو شفاف تفصیلات فراہم کی جانی چاہییں آخر یہ عوام کا پیسہ ہے کسی حکمران کی ذاتی جاگیر نہیں کہ جس طرح چاہے خرچ کرے اور جس طرح چاہے اس کا حساب دینے سے گریزاں رہے حکمران جماعت کے اندر اختلافات اور بے چینی کی خبریں بھی سیاسی منظرنامے کا حصہ ہیں مگر اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے صاحبانِ اختیار کو شاید عوامی اضطراب کی شدت کا صحیح اندازہ نہیں رائے ونڈ سے لے کر اعلیٰ حکومتی حلقوں تک اقتدار کے معاملات پر مشاورت تو ہوتی ہوگی لیکن کیا کبھی کسی اجلاس میں اس غریب کے بارے میں بھی گفتگو ہوتی ہے جو چالان کی رقم ادا کرنے کے لیے اپنے گھر کا راشن کم کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے؟ کیا کسی کو اس باپ کی بے بسی کا احساس ہے جو موٹر سائیکل کا چالان بھرنے اور بچوں کی فیس ادا کرنے کے درمیان انتخاب کرنے پر مجبور ہے؟ میاں نواز شریف کی خاموشی بھی کئی سیاسی سوالات کو جنم دیتی ہے اقتدار کے بڑے ناموں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عوام کے مسائل سے چشم پوشی کرکے سیاست کے مستقبل کو محفوظ نہیں بنایا جا سکتا۔
موجودہ سیاسی بندوبست کی تشکیل اور انتخابات کے نتائج پر بھی ملک میں مسلسل سوالات اٹھتے رہے ہیں فارم ۴۷ کے حوالے سے اٹھنے والے اعتراضات اور انتخابی تنازعات نے سیاسی فضا کو پہلے ہی مکدر کر رکھا ہے۔ ایسے حالات میں حکمرانوں پر ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنی حکمرانی کو عوامی اعتماد، شفافیت اور جوابدہی کے ذریعے ثابت کریں محض انتظامی طاقت پولیس کے اختیارات اور سرکاری مشینری کے بل بوتے پر عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ اسٹیبلشمنٹ ہو یا سیاسی قیادت، کسی بھی ادارے اور منصب کو عوامی سوالات سے بالاتر نہیں سمجھا جا سکتا ریاست کی اصل قوت اس کے شہریوں کا اعتماد ہوتا ہے اور جب یہی اعتماد متزلزل ہو جائے تو بڑے سے بڑا اقتدار بھی عدم استحکام کا شکار ہو جاتا ہے یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ جب عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے کوئی مؤثر راستہ دکھائی نہ دے جب پارلیمان عوامی امنگوں کی ترجمان بننے کے بجائے چند طاقت ور حلقوں کے مفادات کی آماج گاہ محسوس ہونے لگے، اور جب حکمران جوابدہی سے بے نیاز ہو جائیں تو پھر نظام کی بنیادی اصلاح کا مطالبہ شدت اختیار کرتا ہے صدارتی نظام ہو یا پارلیمانی ڈھانچے میں اصلاحات کسی بھی تبدیلی کا فیصلہ جذبات کے بجائے آئینی تقاضوں عوامی مشاورت اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ اٹل ہے کہ موجودہ طرزِ حکمرانی پر سنجیدہ نظرثانی ناگزیر ہو چکی ہے
حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اقتدار دائمی نہیں منصب عارضی ہے اور تاریخ کا حافظہ بہت سفاک ہوتا ہے عوام کی آہیں مظلوموں کی فریادیں اور بے بسوں کے آنسو کبھی بے معنی نہیں ہوتے قرآنِ حکیم میں بھی ظلم اور ظالموں کے انجام کے بارے میں واضح تنبیہ موجود ہے۔
سورۃ ابراہیم کی آیت ۴۲ میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے کہ اللہ کو ہرگز ظالموں کے اعمال سے بے خبر نہ سمجھو، وہ تو انہیں اس دن تک مہلت دے رہا ہے جس دن آنکھیں پتھرا جائیں گی۔

لہٰذا مریم نواز شریف کی حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ریاست کا کام غریب کی جیب سے آخری روپیہ بھی نکال لینا نہیں بلکہ اس کے جان و مال عزت اور روزگار کا تحفظ کرنا ہے ٹریفک قوانین کی پابندی ضرور ہونی چاہیے مگر قانون کا نفاذ عدل تناسب اور انسانی وقار کے تقاضوں کے تابع ہونا چاہیے ریڑھی بان کو روزگار سے محروم کرنا مزدور کو چالانوں کے بوجھ تلے دبانا اور عام شہری کو ہر قدم پر مالی سزا دینا کسی مثالی حکمرانی کی علامت نہیں غریب کو کیڑے مکوڑے سمجھنے اور اس کی زندگی کو محض اعداد و شمار میں تبدیل کرنے کا رویہ ترک کرنا ہوگا ورنہ تاریخ کے اوراق میں ایسے حکمرانوں کا ذکر ان کے ترقیاتی منصوبوں سے نہیں بلکہ ان مظلوموں کی آہوں سے ہوگا جنہیں انصاف کے نام پر مزید مشکلات میں دھکیل دیا گیا۔
مریم نواز شریف کو اپنا وہ انتخابی بیانیہ بھی یاد کرنا چاہیے جو وہ ماضی میں انتخابی جلسوں اور عوامی اجتماعات میں بڑے جوش و خروش سے پیش کیا کرتی تھیں۔ وہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو مخاطب کرتے ہوئے عوام سے کہا کرتی تھیں کہ جب یہ لوگ ووٹ مانگنے آئیں تو انہیں بجلی اور گیس کے بل دکھانا اور پوچھنا کہ یہ ہے تمہاری کارکردگی؟ آج سوال یہ ہے کہ جب موجودہ حکمران جماعت کے امیدوار عوام کے پاس ووٹ مانگنے آئیں گے تو یہ عوام انہیں کیا دکھائیں گے؟ کیا وہ بجلی اور گیس کے بلوں کے ساتھ اپنے ان پیاروں کی تصویریں اور جنازے بھی سامنے رکھیں گے جو معاشی بدحالی، بے روزگاری، مہنگائی اور ناقابلِ برداشت مالی دباؤ کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے؟ کیا وہ ان نوجوانوں کی اجڑی ہوئی جوانیاں دکھائیں گے جن کے خواب معاشی مشکلات کی نذر ہو گئے، ان گھروں کی ویرانیاں دکھائیں گے جہاں فاقوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اور ان ماؤں کی آنکھوں کے آنسو دکھائیں گے جو اپنے بچوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے سے بھی قاصر ہیں؟ آخر کب تک عوام کو نئے نعروں، نئے بیانیوں اور نئے وعدوں کے ذریعے بہلایا جاتا رہے گا؟ چالانوں کے ذریعے سرکاری خزانے بھرنے اور عوام کی جیبوں سے آخری روپیہ تک نکالنے والے حکمران آخر کس منہ سے عوام کے سامنے جائیں گے؟ یہ صورتحال محض سیاسی اختلاف کا معاملہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ اگر عوام کے بنیادی مسائل مسلسل نظرانداز ہوتے رہے، اگر ان کی آواز کو دبانے اور ان کی مشکلات سے چشم پوشی کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو عوامی بے چینی کسی بڑے سیاسی احتجاج کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیاسی حالات بھی حکمرانوں کے لیے ایک تاریخی سبق ہیں کہ عوامی اضطراب کو کبھی معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ پاکستان میں بھی بظاہر ایک خاموش بے چینی جنم لے رہی ہے، جس کے پیچھے برسوں کی معاشی مشکلات، سیاسی عدم اعتماد اور حکومتی فیصلوں سے پیدا ہونے والی محرومیاں موجود ہیں۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عوام کو ہمیشہ طاقت، اختیار اور انتظامی مشینری کے ذریعے خاموش نہیں رکھا جا سکتا۔ جب لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں، بچوں کی تعلیم اور علاج مشکل ہو جائے، روزگار چھن جائے اور انصاف کے دروازے بند محسوس ہونے لگیں تو ان کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو سکتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ عوامی ردعمل ہمیشہ کسی ایک واقعے کا نتیجہ نہیں ہوتا بلکہ برسوں کے جمع شدہ دکھوں، محرومیوں اور ناانصافیوں کا اظہار ہوتا ہے۔ یہی وہ خاموش داستان ہے جسے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے حکمران شاید ابھی پڑھنے کو تیار نہیں، لیکن عوام کی زندگیوں پر اس کے نقوش ہر گزرتے دن کے ساتھ گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔



  تازہ ترین   
صدر مملکت آصف علی زرداری کا فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اسلام آباد میں اجلاس، وژن 2035 کی منظوری متوقع
مکہ اور مدینہ کی جانب بھیجے گئے حوثیوں کے 4 ڈرونز تباہ کر دیے، ترکی المالکی
امریکا میں فضائی آپریشن تیسرے روز بھی متاثر، 5 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار
بحرین پر ایرانی ڈرون حملوں کی کوششیں تیز، خطے میں بڑے فوجی تصادم کا خدشہ بڑھ گیا
روسی فضائی دفاع نے 24 گھنٹوں میں یوکرین کے 1065 ڈرون مار گرائے
ہم حالت جنگ میں ہیں، دشمن ملک میں مسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے: ایرانی صدر
نئے صوبوں پر اتفاق رائے کی کوششیں جاری، نئے سال میں نیا نظام آسکتا ہے، خواجہ آصف





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر