اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ریاست فلسطین کے اعلانِ آزادی کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس اور فلسطینی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بالخصوص حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
صدر مملکت نے فلسطینی صدر محمود عباس کے نام اپنے تہنیتی خط میں کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد، یکجہتی اور مشترکہ امنگوں پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی عوام کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی و بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
صدر مملکت نے فلسطینی عوام کو درپیش مسلسل مصائب کے تناظر میں ان کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی، پائیدار امن اور باوقار مستقبل کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔



