واشنگٹن(نیشنل ٹائمز) امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے بھی انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے ایک بار پھر ایران پر حملہ کر دیا ہے۔
اخبار نے لکھا کہ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے ایران کے جزیرے قشم پر حملہ کیا ہے، یہ حالیہ ہفتوں کے دوران ایران کے خلاف واشنگٹن کی جانب سے غیر اعلانیہ طور پر کیے جانے والے محدود حملوں کے سلسلے کی تازہ کارروائی ہے۔
امریکی حکام نے مزید کہا ہے کہ ایران پر حملے دفاعی نوعیت کے ہیں، ان حملوں کا مقصد ایران کو آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں سے روکنا ہے۔
قبل ازیں ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ایران کے سٹریٹجک اہمیت کے حامل جزیرہ قشم اور آبنائے ہرمز کے اطراف میں شدید دھماکے ہوئے، قشم جزیرے پر یکے بعد دیگرے 5 زوردار دھماکے سنے گئے۔
دھماکوں کی شدت سے قریبی عمارتوں کے در و دیوار لرز اٹھے، مقامی آبادی نے فضائی حدود میں نامعلوم جنگی طیاروں کی پروازوں کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
ان دھماکوں کے فوری بعد ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ انہوں نے جزیرہ قشم کے جنوب میں جدید الیکٹرانک وار فیئر سسٹم کے ذریعے امریکا کے 2 ایم کیو ایم ون سیون زیرو جاسوس ڈرونز کو ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک امریکی ایم کیو نائن ریپر ڈرون کو مار گرایا ہے۔



