اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)خلیجی خطے میں کشیدگی اور عالمی بحری راستوں میں رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کی چاول برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ستمبر 2026 میں پاکستان نے چاول کی برآمدات کے معاملے میں ویتنام کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران پاکستان نے 4 لاکھ 20 ہزار ٹن چاول عالمی منڈیوں میں برآمد کیے، جبکہ دنیا کے تیسرے بڑے چاول برآمد کنندہ ملک ویتنام کی برآمدات 3 لاکھ 37 ہزار ٹن رہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور خلیجی خطے میں بحری نقل و حمل کو درپیش رکاوٹوں کے باوجود عالمی منڈی میں پاکستانی چاول، خصوصاً باسمتی چاول کی طلب برقرار رہی، جس کے نتیجے میں ملکی برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پاکستان کی چاول برآمدات کے مجموعی حجم میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی عرصے میں چاول کی برآمدات سے حاصل ہونے والے زرمبادلہ میں بھی 37 فیصد اضافہ ہوا، جو پاکستانی چاول کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق چاول کی برآمدات میں یہ اضافہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے، تاہم عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے معیار، پیداواری لاگت اور برآمدی ترسیل کے نظام کو مزید بہتر بنانا ضروری ہوگا۔



