ہیفے (شِنہوا) ووکس ویگن گروپ چائنہ نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ جرمن کار ساز کمپنی ووکس ویگن نے سڑک پر آزمائشی اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد چین کے مشرقی صوبے آنہوئی کے دارالحکومت ہیفے میں عوامی سڑکوں پر لیول 3 خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کی آزمائش شروع کر دی ہے۔
اس اجازت نامے کے تحت حقیقی سڑکوں پر گاڑیوں کی آزمائش اور بڑے پیمانے پر ڈیٹا جمع کرنے کی اجازت فراہم کی گئی ہے۔ ووکس ویگن کا ہدف ہے کہ وہ 2027 تک اپنی لیول 3 خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کو استعمال کے لئے تیار کر لے۔
وولکس ویگن گروپ چائنہ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر رالف برانڈسٹیٹر نے کہا کہ ’’ووکس ویگن میں خودکار ڈرائیونگ کے حوالے سے حفاظت اور قابل اعتماد کارکردگی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ اس اجازت نامے کے بعد ہم ہیفے میں حقیقی ٹریفک کے دوران گاڑیوں کی آزمائش اور بڑے پیمانے پر ڈیٹا جمع کر سکتے ہیں۔ یہ لیول 3 ٹیکنالوجی کو استعمال کے لئے تیار کرنے کی جانب ہمارا اگلا قدم ہے۔‘‘
لیول 3، جسے مشروط خودکار ڈرائیونگ بھی کہا جاتا ہے، گاڑی کو ڈرائیونگ کے دوران متحرک حالات سے متعلق خودکار کام انجام دینے کی اجازت دیتا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر کنٹرول سنبھالنے کے لئے انسانی ڈرائیور کا دستیاب رہنا ضروری ہوتا ہے۔
ووکس ویگن چین میں اپنی خودکارڈرائیونگ ٹیکنالوجی مشترکہ منصوبے کارائزون کے ذریعے تیار کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ کمپنی کی سافٹ ویئر ذیلی کمپنی کیریاڈ اور چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہورائزن روبوٹکس کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔
ووکس ویگن نے چین میں لیول 3 خودکار ڈرائیونگ کے سڑک پر تجربات شروع کر دیئے



