بیجنگ (شِنہوا) جمعرات کو طلوع آفتاب سے کئی گھنٹے قبل ہی تیان آن من سکوائر میں جوش و خروش کا سماں تھا۔ چین بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد بیجنگ کے مرکز میں واقع اس چوک میں جمع ہوئے تاکہ عوامی جمہوریہ چین (پی آر سی) کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کا مشاہدہ کر سکیں۔
صبح تقریباً 6 بج کر 10 منٹ پر قومی ترانہ چوک میں گونج اٹھا۔ لوگ یک زبان ہو کر ترانہ پڑھ رہے تھے اور ان کی نظریں 5ستاروں والے سرخ پرچم پر جمی تھیں جو آسمان کی جانب بلند ہو رہا تھا۔ بہت سے لوگوں کے لئے یہ لمحہ آنکھوں میں آنسو لے آیا۔
جب سفید کبوتروں کا ایک بڑا غول فضا میں بلند ہوا تو مجمع نعروں، تالیوں اور خوشی کے اظہار سے گونج اٹھا اور پورا چوک جشن کے رنگ میں ڈوب گیا۔
بچے قومی پرچم لہراتے ہوئے ادھر ادھر دوڑ رہے تھے، نوجوان گالوں پر قومی پرچم کے سٹیکرز سجائے ہنس کر باتیں کر رہے تھے، جبکہ بزرگ مہمان روشن اور تہوار کے لباس میں ملبوس چوک کے مرکز میں نصب 18 میٹر بلند پھولوں کی ٹوکری کے سامنے اجتماعی تصاویر بنواتے ہوئے مسکرا رہے تھے۔
جشن کا یہ ماحول دارالحکومت سے کہیں آگے ملک بھر میں پھیل گیا۔ متعدد شہروں میں سڑکوں کو قومی پرچموں اور پھولوں سے سجایا گیا، جبکہ رہائشی علاقوں میں لالٹینیں اور روایتی چینی گرہیں آویزاں کی گئیں۔
بیجنگ کے مرکز سے گزرنے والی اہم شاہراہ چھانگ آن ایونیو سے گزرنے والے کھانے کی ترسیل کے ایک کارکن گاؤ فینگ نے کہا کہ ’’جب بھی میں پھولوں کی یہ آرائش دیکھتا ہوں، مجھے حوصلہ ملتا ہے۔‘‘
گاؤ نے کہا کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ اگر ہر شخص اپنا کام اچھی طرح کرے اور قدم بہ قدم آگے بڑھے تو ہم ایک بہتر مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں۔‘‘
بدھ کے روز چینی صدر شی جن پھنگ اور دیگر اعلیٰ رہنماؤں نے شہداء کے دن کی تقریب میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان افراد کو یاد کیا جنہوں نے چینی عوام کی آزادی اور عوامی جمہوریہ چین کی ترقی کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔
چین نے ملک کی ترقی اور چین و دیگر ممالک کے درمیان دوستی و تعاون کے لئے خدمات کے اعتراف میں 50 غیرملکی ماہرین کو 2026 کا چینی حکومتی دوستی ایوارڈ بھی پیش کیا۔
آج سے 77 سال قبل اسی دن آنجہانی چینی رہنما ماؤ زے دونگ تیان آن من کے چبوترے پر کھڑے ہوئے اور عوامی جمہوریہ چین کے قیام کا اعلان کیا، جو چینی تاریخ میں ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔
اس کے بعد گزرنے والی دہائیوں میں چین ایک غریب ملک سے دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت اور عالمی منظرنامے کے مرکز کی جانب تیزی سے بڑھنے والے ایک بڑے ملک میں تبدیل ہو گیا ہے۔
چینی عوام نے عوامی جمہوریہ چین کا 77 واں یوم تاسیس منایا، اعتماد کے ساتھ جدید یت کی جانب پیش قدمی



