اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ مزید ایک درجے نیچے چلی گئی، جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) میں گرین کیپس آخری پوزیشن پر پہنچ گئے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی موجودہ درجہ بندی میں آسٹریلیا سرفہرست ہے، جبکہ جنوبی افریقا دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے اور انگلینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔ بنگلادیش چھٹی اور سری لنکا ساتویں پوزیشن پر ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز نے ایک درجے بہتری کے بعد آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 130 رنز کے ہدف کو انگلش ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف اس کی اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ بھی مکمل کیا۔



