اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے قائداعظم کے اصولوں، فرمودات اور بالخصوص صحافت کے حوالے سے ان کے متعین کردہ اصولوں پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل شکیل احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے آزاد، ذمہ دار اور اصول پسند صحافت کو جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت قرار دیا تھا اور پی ایف یو جے صحافت کی ان اعلیٰ اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی دباؤ، مختلف نوعیت کے خلفشار اور دہشت گردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ایسے حالات میں صحافت کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔
پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ پی ایف یو جے کبھی بھی ایسی زرد صحافت کا سہارا نہیں بنے گی جو پاکستان کی قومی وحدت، ریاستی اداروں، ملکی سلامتی یا خود صحافت کے وقار کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے، تنقید اور احتساب صحافت کا بنیادی حق اور فریضہ ہے تاہم صحافت کو ذاتی مفادات، منفی پروپیگنڈے یا بیرونی مفادات کی تکمیل کے لیے استعمال کرنا صحافتی اصولوں کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے ہمیشہ حقیقی صحافیوں اور صحافی برادری کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ان صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی جو صحافت کو محض کاروبار نہیں بلکہ ایک ذمہ دار قومی اور عوامی خدمت سمجھتے ہیں۔ پی ایف یو جے ایسے عناصر کی مذمت کرتی ہے جو صحافت کے مقدس پیشے کو ذاتی یا مالی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں یا پاکستان کے اندر رہتے ہوئے کسی بیرونی مفاد کے ترجمان بننے کی کوشش کرتے ہیں۔ پی ایف یو جے نے واضح کیا کہ ایسے عناصر نہ اس کی جدوجہد کا حصہ ہیں اور نہ ہی تنظیم ایسے کسی کردار کی حمایت کرے گی۔
پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل شکیل احمد نے حکومت بالخصوص وزیر اطلاعات، سیکریٹری اطلاعات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر کی توجہ اس امر کی جانب بھی مبذول کرائی کہ پی ایف یو جے صحافیوں کی ایک حقیقی اور نمائندہ تنظیم ہے جو طویل عرصے سے صحافیوں کے حقوق، آزادی صحافت اور ذمہ دار صحافت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی پی ایف یو جے نے پاکستان کے صحافیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمیشہ ملک اور صحافت کے حقیقی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔
پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل شکیل احمد کے حالیہ دورہ کے دوران انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے سینئر نمائندگان کے ساتھ پاکستان میں صحافت کو درپیش مسائل، صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے مؤقف اور پاکستانی صحافی برادری کے مسائل کو بھرپور انداز میں پیش کیا اور پاکستان کے خلاف کسی بھی یک طرفہ تاثر کے مقابلے میں اپنا مؤقف واضح طور پر بیان کیا۔
پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے قائداعظم کے یوم وفات پر اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم آزادی صحافت، ذمہ دار صحافت، صحافیوں کے حقوق، قومی مفاد اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور صحافت کو کسی بھی ایسے مقصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی جو پاکستان کی قومی وحدت یا صحافت کے وقار کے منافی ہو
پی ایف یو جے قائداعظم کے اصولوں اور صحافتی اقدار کے تحفظ کے عزم پر مکمل کاربند رہے گی



