کراچی (نیشنل ٹائمز) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے جہاں شہریوں کو اظہارِ رائے سمیت وسیع آئینی حقوق حاصل ہیں۔ سندھ حکومت نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں اور حقِ معلومات کمیشن بھی قائم کیا ہے ، جہاں ہر شہری کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کے لیے حکومت تیار ہے ۔اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ جب کسی کے پاس دلیل نہیں ہوتی تو وہ منفی مہمات اور پروپیگنڈے کا سہارا لیتا ہے ۔ پروپیگنڈے کا مقصد کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا، مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھانا یا اپنی سوچ دوسروں پر مسلط کرنا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسلسل جھوٹا اور گمراہ کن مواد پھیلانا محض ایک معمولی معاملہ نہیں بلکہ اس سے لوگوں کی زندگیوں اور معاشرتی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ آزادیٔ اظہارِ رائے کے مخالف نہیں بلکہ اس کے حامی ہیں، تاہم اس آزادی کے نام پر جھوٹی خبریں، من گھڑت معلومات اور کسی کی کردار کشی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس حوالے سے قوانین مزید سخت ہونے چاہئیں اور ان پر مؤثر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا مثبت اور منفی دونوں طرح استعمال ہو سکتا ہے ، اس لیے ان کے ذمہ دارانہ استعمال اور مؤثر نگرانی کی ضرورت ہے ۔ اگر کوئی شخص مسلسل کسی دوسرے کے خلاف غلط اور گمراہ کن مواد پھیلا رہا ہو تو شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کی نشاندہی کریں، انہیں رپورٹ کریں اور متعلقہ حکومتی اداروں تک شکایات پہنچائیں تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے ۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کو جعلی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے ، کیونکہ اس سے نہ صرف معاشرے کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ لوگوں کی زندگیاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ یہ صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آزادیٔ اظہارِ رائے کے ساتھ ذمہ داری، سچائی اور جواب دہی کو بھی یقینی بنائیں۔



