کراچی(نیشنل ٹائمز)کراچی کے علاقے بلوچ کالونی بلاک 4 ایڈمن سوسائٹی کے قریب 6 منزلہ عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے ملبے سے ایک نعش اور 10 زخمیوں کو نکال لیا، جنہیں طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل کے قریب عمارت گرنے کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ امدادی ٹیم نے ملبے سے ایک لاش اور ایک زندہ متاثرہ شخص کو بھی نکال لیا ہے، جبکہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر موجود ہے اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔
عمارت گرنے کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور جائے وقوعہ کی جانب جانے والے راستے پر ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس اہلکار امدادی سرگرمیوں کے لیے راستہ کلیئر کرانے اور ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے اور ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے، انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور قریبی ہسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ نے ہسپتال انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کا حکم دیتے ہوئے کمشنر کراچی اور متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عمارت کے نقشے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لینے کے ساتھ عمارت منہدم ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے قریبی عمارتوں کا فوری حفاظتی معائنہ کرنے اور ملبے سمیت اطراف میں کسی بھی ممکنہ خطرے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی قسم کی غفلت یا غیر قانونی تعمیر سامنے آئے تو ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔



