گزرے وقت کا کیا کیا یاد کریں

میری نسل کے وہ لوگ جنہوں نے ساٹھ اور ستر کی دہائی میں بچپن اور نوجوانی گزاری، اور اگر انکا تعلق میری طرح دیہاتی زندگی سے بھی جڑا ہے، تو وہ محسوس کر سکتے ہیں، کہ وقت کس قدر تیزی سے بدلا ہے۔ اس وقت کی تیز رفتاری کے ساتھ ہم نے اپنے بچپنے کی معصومیت اور نوجوانی کا خمار ہی نہیں کھویا، بلکہ بہت سے دلکش و حسین چہرے، بہت سے قریبی دوست اور وہ رشتے بھی کھو دیے جن کی جدائی نے پھر کبھی چین سے سونے نہ دیا۔۔

سہہ سہہ جوڑ سنگت دے میں ڈیھٹے ، آخر وتھاں پیاں،۔

جناں باج اک پل نیںء ساں جیندے او صورتاں یاد ناں رہیاں ۔۔

جوانی کے بہت سے ادھورے سپنے بھی سوہان روح بنے رہے۔ وہ نوجوانی کا زمانہ بقول ہمارے ایک عزیز دوست کہ جب ہم بے فکری سے فکر مندی کے گھوڑے دوڑایا کرتے تھے، وہ پلک جھپکنے میں گزر گیا۔ وہ معصوم معصوم سی بے ضرر خواہشیں اور شرارتیں,

جب گناہ کرنے سے زیادہ گناہ کی نیت میں مزا آتا تھا۔۔۔

بقول عدم،۔

جو دلکشی گناہ کی نیت میں ہے عدم،۔۔

وہ دلکشی کبھی نہ ملی ارتکاب میں۔

جب گھروں کے کشادہ صحن اور چھت پورے خاندان کے بیڈ روم کے طور پر استعمال ہوتے تھے، چاندنی راتوں کی سحر انگیز چاندنی ایک دلفریب منظر بنا دیتی تھی۔ رات کو جب بارش آتی تو پورے گاؤں سے یکدم ایک ہنگامہ خیز قسم کی آوازیں ابھرتیں کہ لوگ بھیگتے ہوئے چھتوں سے منجھی بسترے اتار رہے ہوتے ، کاش کہ اس وقت یہ مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کیے ہوتے تو آج کی نوجوان نسل کا سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ ہوتے۔

مسجدوں میں تیل سے جلنے والے دیے، کھجور کے پتوں والی چٹائیاں اور ربڑ کے بوکے سے کھوئی سے نکلتے پانی نے جب برقی موٹروں،رنگ برنگے کارپٹ اور ماحول کو یخ کرنے والے ایرکنڈیشنڈ میں تبدیل ہوتے دیکھا، تو ساتھ ہماری پر سکون تہذیب و ثقافت اور یکسوئی اور عجز و انکسار میں ڈوبی عبادت کی روح بھی چھن گئی ۔ اب ہر نماز میں جب تک کسی نمازی کی جیب سے بے ہنگم قسم کی رنگ ٹون نہ بجے لگتا ہے نماز میں شاید کوئی کمی رہ گئی ہے، اور مزید ستم ظریفی یہ کہ جسکا فون بج رہا ہوتا ہے وہ ہاتھ بڑھا کر ٹون بند کرنے کو اپنی نماز میں خلل سمجھتا ہے خواہ باقی سارے لوگوں کی نماز ڈسٹرب ہو رہی ہے۔

اس سیل فون نے ہماری عبادات کو ہی متاثر نہیں کیا، یہ ہمارا سکون بھی کھا گیا، یہ ہماری عمدہ روایات کو قتل کر گیا۔ اب تو ہم خوشی غمی بھی اسی ویٹس آپ پر بھگتا دیتے ہیں۔ یہ ہماری کتب بینی کے شوق کو بھی کھا گیا۔ ماڈرن ٹیکنالوجی کے بڑے فائدے ہیں بشرطیکہ اسے انسانوں کی طرح استعمال کیا جائے ۔ ہم نے جھوٹ پھیلانے اور جھوٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے سوشل میڈیا کو بے لگام چھوڑ دیا۔ جہاں کسی بھی بندے کی پگڑی اچھالی جاسکتی ہے، کسی بھی خاتون کی عصمت تار تار کی جا سکتی ہے۔ اس سوشل میڈیا کے غلط استعمال نے دوستوں میں دوریاں اور رشتوں میں دراڑیں پیدا کر دیں۔اب تو رشتے اور دوستیاں، تعلق اور قربتیں، سب اس سوشل میڈیا کی ستم ظریفیوں کی نذر ہو گئیں۔ نہ رشتوں میں گرمجوشی رہی، نہ چاہت کی چاشنی، نہ مروت رہی نہ وضع داری، لوگ اتفاق سے ملنے کو بھی شافی اور کافی سمجھنے لگے۔ شادی بیاہ کی رسومات میرج ہالوں میں منتقل ہونے سے رشتہ داروں کی شادی والے گھر کئی کئی روز آکر قیام کرنے اور ہلہ گلہ کرنے والی خوشیاں بھی ناپید ہوئیں۔ بڑے قریبی عزیز بھی میرج ہال پہنچ کر سلامی کا لفافہ دیکر وہیں سے فارغ ہونے لگے ، تو رشتوں کی دلکشی اور بھرم ختم ہونے لگے۔

ماضی اور حال کا جائزہ اور تقابل کرتے ہوئے جہاں بہت سی انمول اور قیمتی روایات اور رسوم و رواج ہم سے چھن گئیں، وہیں معاشرہ میں بے سکونی، روپے پیسے کی لش پش ، سٹیٹس کی دوڑ، دوسرے کو گرا کر اپنی جگہ بنانے کی دھن اور مادیت پرستی کا جنون ہماری وہ اعلی و ارفع اخلاقی روایات ، رکھ رکھاؤ ، وضع داری، ادب و احترام اور اور ہماری خوش مزاجی کو بھی عنقا کر گیا۔ اب ہم لوگوں کو کم ہی ہنستے مسکراتے دیکھتے ہیں۔ہر شخص کسی سوچ میں گم غم و یاس کی تصویر بنے حیرت زدہ ہے۔ چہرے پر غیر ضروری سنجیدگی، بلکہ ہلکا سا غصہ بد حواسی کی چغلی کھا رہا ہوتا ہے۔ دل یہ چاہتا ہے، کہ کاش وہ وقت پھر پلٹ آئے۔ جب بے وجہ بھی ہنسا کرتے تھے۔ وہ اخلاص کے رشتے، وہ پیار کی سانجھیں، وہ چاندنی راتوں میں دوستوں کے ساتھ قہقہے، وہ پہلوان کی دکان پر سیاسی مباحث اور ہلکی پھلکی شرارتیں اور پیر ٹھیکری پر رات کے پرسکون لمحوں میں موسیقی کی محفلیں، مگر زمانے کی دوڑ نے لوگوں کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔ یہ محفلیں سجانے والے بہت سے دوست اور ساتھی دنیا سے ہی چلے گئے، اور بہت سے دوسرے ملکوں میں جا بسے۔ اب تو کئی چہرے ہی آنکھوں کے آگے دھندلا گئے، ہم آگے بڑھتے بڑھتے بہت سے رشتوں اور تعلقات کو قربان کر گئے۔ مگر شاید یہی دستور زمانہ ہے۔



  تازہ ترین   
حکومت اور اپوزیشن میں اعتماد کا فقدان، بلاول بھٹو کا نظام کی جمہوری ری سیٹنگ پر زور
ہر دوائی کی تصدیق ممکن، وزیراعظم نے ’’محفوظ دوا‘‘ ایپلی کیشن کا اجرا کر دیا
صدر مملکت کا ہنگامی دورہ لاہور، ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت سے ملاقات طے
کراچی عمارت گرنے کا واقعہ: 3 اعلیٰ افسران عہدوں سے فارغ، 16 کی معطلی کا حکم
سکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک
صوبوں کے معاملے کا حل ریفرنڈم کرانے میں نظر نہیں آتا: وزیراعلیٰ سندھ
سعودیہ، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دو روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا
کراچی میں زیرِ تعمیر عمارت کا ایک حصہ منہدم، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر