بینکاک (شِنہوا) تھائی لینڈ کے وزیر صنعت واراوت سلپا آرچا نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز)، بیٹریوں،، توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور آپٹو الیکٹرانکس سمیت ہائی-ٹیک شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تیسرے ممالک کی منڈیوں میں مشترکہ طور پر مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے۔
واراوت نے شِنہوا کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ حالیہ برسوں کے دوران تھائی لینڈ کی ہائی-ٹیک صنعتوں میں چینی سرمایہ کاری مسلسل بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مقامی سپلائی چین کو مضبوط بنانے اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں قریبی تبادلوں اور افرادی قوت کی تربیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا، ’’تھائی لینڈ کو صرف غیر ملکی سرمایہ کاری ہی نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اپنی افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافے کی بھی ضرورت ہے۔‘‘
واراوت نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اب بیٹریوں اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام تک بھی پھیل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کا تجربہ تھائی لینڈ کو الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں کے انتظام اور ری سائیکلنگ کا ایک جامع نظام تیار کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی-ٹیک صنعتوں میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کے لیے تھائی لینڈ کاروبار کرنے کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے ذریعے حکومت مختلف سرکاری اداروں کے درمیان رابطےبہتر بنانے، منظوریوں کے عمل کو آسان کرنے اور چینی کمپنیوں کو کاروباری مشکلات حل کرنے میں مدد دینے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ان کے سرمایہ کاری منصوبوں پر کامیابی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
مستقبل کے حوالے سے واراوت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون تجارت سے آگے بڑھ کر تیسرے ممالک کی منڈیوں کے لیے مشترکہ پیداوار تک پھیل سکتا ہے، جس سے تھائی لینڈ اور چین کو عالمی ویلیو چین میں مزید مؤثر انداز میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔
تھائی لینڈ چین کے ساتھ ہائی ٹیک شعبے میں قریبی تعاون کا خواہاں ہے، وزیر صنعت



