پشاور ،اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)پشاور کے علاقے متنی میں سی ٹی ڈی اور پاک فوج نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 3دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی پاسانی روڈ ادیزی خوڑ متنی، پشاور میں موجود گی کی اطلاع کی بنیاد پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے جدید اسلحہ سے لیس ہو کر جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے گھات لگائی۔دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی جس پر جوانوں نے اپنے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک پائے گئے جن کی شناخت عبدالرشید، سعید اﷲ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، ایک پستول، 3 ہینڈ گرنیڈ، 5 میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔
فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس، سی ٹی ڈی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز نے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ اوربارودی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے خالی رہائشی مکان میں اسلحہ،گولہ بارود اور دھماکا خیزمواد چھپا رکھا تھا۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مکان کی کھدائی کے دوران اینٹی ائیرکرافٹ گن، ہیوی مشین گن، آرپی جی7 اوربھاری ہتھیاربرآمد ہوا، برآمد سامان میں آرپی جی7 راؤنڈز،کواڈکاپٹر ڈراپ کٹس، یوبی جی ایل راؤنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈزبھی شامل ہیں۔دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے پشاور کے علاقے متنی میں فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی عزم اور حوصلے کی عکاس ہیں۔



