لاہور(نیشنل ٹائمز) پنجاب حکومت نے سرکاری گندم کی قیمت 3800 روپے سے بڑھا کر 4500 روپے فی من کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی فوڈ پنجاب اور فلور ملز مالکان کے درمیان سرکاری گندم اور آٹے کی سپلائی کے معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے ۔ سرکاری گندم حاصل کرنے والی فعال فلور ملز نجی ذخائر سے سرکاری قیمت پر آٹے کی فراہمی جاری رکھیں گی۔ڈی جی فوڈ پنجاب سیفانور جپہ اور فلور ملز مالکان کے درمیان اہم ملاقات میں گندم اور آٹے کی سپلائی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈی جی فوڈ نے واضح کیا کہ سرکاری گندم کے حصول کیلئے فلور ملز کی گزشتہ 3 ماہ سے فعالیت کی شرط برقرار رہے گی۔ اس شرط کو ایک ماہ کرنے کی تجویز مسترد کردی گئی ہے اور موجودہ پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔سیف انور جپہ کا کہنا تھا کہ ان کا کام پالیسی بنانا نہیں بلکہ حکومت کی وضع کردہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے ، جو ہر صورت ہوگا۔ انہیں معلوم ہے کہ کون سی فلور مل گندم فروخت، کم پسائی یا بوگس ڈیٹا فراہم کر رہی ہے ۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی ملز کو اصلاح کا موقع دیا جا رہا ہے ، تاہم عوامی مفاد میں تعاون نہ کرنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ہوگا۔فلور ملز مالکان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5500 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے ، جس کے باعث نجی ذخائر سے سرکاری نرخوں پر آٹا فراہم کرنا مشکل ہورہا ہے ۔ گروپ لیڈر عاصم رضا نے کہا کہ ملک میں گندم کا شارٹ فال موجود ہے ، حکومت فوری طور پر مزید 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرے ۔ انہوں نے 15 کلو نجی آٹے کے تھیلے کی قیمت مقرر کرنے کی تجویز کو بھی ناقابل عمل قرار دیا۔ فلور ملز مالکان نے موجودہ سپلائی نظام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں سرکاری گندم کے اجرا کی نئی پالیسی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے ، جس میں فلور ملز کی 3 ماہ فعالیت کی شرط کو باضابطہ پالیسی کا حصہ بنانے کی تجویز بھی شامل ہے ۔
سرکاری گندم کی قیمت 3800 سے بڑھا کر 4500 روپے من مقررکرنے کا فیصلہ



