نبی آخر الزماں صل اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف ایک انسان اور نبی ہی نہ تھے، ایک انقلابی لیڈر بھی تھے۔ ایسے انقلابی جنہوں نے اپنے کردار و عمل سے لوگوں کے دل بدل دیئے۔ جو کام بڑے بڑے انقلابی لیڈر کئی کئی دہائیوں نہیں کر پاتے، محمد عربی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صرف تیئس سال میں کر دکھایا۔ لوگ حیران، انکے دشمن پریشان، انکے چاہنے والےان پر نہال و قربان۔ چشم فلک نے ایسا انقلابی لیڈر کب دیکھا ہوگا، جو بغیر کسی لاو لشکر اکیلے ہی اعلان نبوت کرتے ہیں، ایک ایک کرکے لوگ انکی طرف متوجہ ہوتے ہیں۔ اعلان نبوت کے ساتھ دشمنوں کی ایک فوج ظفر موج پریشان اور ہراساں کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار۔ اپنے ساتھی معاشرہ کے چند کمزور لوگ ہیں۔ کوئی دنیاوی وسائل میسر نہیں۔ صرف اللہ تعالٰی کی نصرت پر بھروسہ اور اپنے اخلاق و کردار کی شمع روشن ہے۔ ہر طرف سے اسے بجھانے کے لئے حملے ہو رہے ہیں، مگر مقصد کی لگن، مشن کی سچائی، کردار کی پختگی،ایمان کی حرارت، پائے استقلال میں لرزش نہیں آنے دیتے۔ قرآن جیسی ہدایت اور اللہ کا نور اپنا منشور ہے، جس میں ہر بات کھول کھول کر بیان کی جا رہی ہے۔ کفار و مشرکین صرف توحید کے ہی منکر نہ ہیں بلکہ وہ اللہ کی کتاب کا بھی مذاق اڑاتے ہیں اور محمد عربی کو اللہ کا آخری نبی ماننے پر تیار نہ ہیں۔ وہ نبوت، توحید اور قرآن کے ہی انکاری ہیں۔ اس طرح کے ماحول میں مشن کی تکمیل بڑا کٹھن اور صبر آزما مرحلہ ہوتا ہے، مگر جب حوصلے پختہ اور ارادے مصمم ہوں، اور ہادی اور رہبر کی سوچ ایک انقلابی لیڈر کی ہو، تو مشکلات میں سے ہی راستہ نکلا کرتا ہے۔ نبی آخر الزماں صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے کردار و عمل سے، اپنی بصیرت اور دور اندیشی سے، اپنے حسن تکلم اور بردباری سے، اپنی فصاحت و بلاغت سے، اپنے vision اور نظریہ کے ساتھ اخلاص سے صحرائے عرب کی کایا ہی پلٹ دی۔ قدیم قبائلی عصبیتوں میں جکڑے معاشرہ کو ایک بہترین آئیڈیل معاشرہ بنا دیا جس میں بھائی چارہ اور ایثار و قربانی کے ایسے لازوال مناظر دیکھنے کو ملے کہ عقل ششدر رہ گئی۔ انصاف پر مبنی معاشرہ کی تشکیل سب سے مشکل کام ہوتا ہے۔ مگر محمد عربی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی انقلابی شخصیت نے عدل و انصاف کی شمع اس طرح روشن کی کہ اپنے پرائے دنگ رہ گئے۔ ریاست مدینہ میں ہر چھوٹے بڑے کے لئے ایک ہی قانون اور ایک ہی انصاف کا ترازو نظر آیا۔ جس پر بعد میں آنے والے خلفائے راشدین نے بھی عمل کیا اور دنیا میں مسلمان اپنی انصاف پسندی کی داد پانے لگے۔ سماجی انقلاب کے ساتھ معاشی مساوات بھی بروئے کار آئے۔ لوگوں کے رہن سہن سے تصنع و بناوٹ ختم ہوئے۔ سود کا خاتمہ ہوا، نفاق فی سبیل اللہ کا چلن عام ہوا۔ اخوت و بھائی چارہ نے نئی کروٹ لی۔ انسانی تاریخ کے شاید واحد نبی اور رسول ہمارے محمد مصطفٰی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے جنہوں نے ستر اسی غزوات اور جنگوں میں براہ راست مسلمانوں کے دستوں کی قیادت کی۔ آقا کریم صل للہ علیہ وآلہ وسلم کو لوگوں نے ایک بہترین حکمت کار اور دلیر و نڈر کمانڈر کے طور پر دیکھا۔ جنگوں میں بھی انسانی حقوق کا خیال رکھا اور قیدیوں کے ساتھ بہترین حسن سلوک کا مظاہرہ کیا۔ امن کے دنوں میں مخلوق خدا کی بھلائی اور خدمت پر توجہ مرکوز رکھی۔ لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کا حکم بھی دیا اور خود بھی کرکے دکھایا۔ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری فرمائی۔ بلاشبہ انسانی تاریخ میں آج تک محمد عربی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم سے زیادہ اثر انگیز، قابل احترام و قابل تقلید کوئی انسان یا لیڈر نہ گزرا ہے۔ کسی بھی مقبول ترین لیڈر کا کوئی مقابلہ کوئی comparison آقا کریم صل للہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ممکن ہی نہیں۔ آپ پچھلے چودہ پندرہ سو سال میں وہ واحد ہستی ہیں، جنہوں نے اپنے پیغام جاں فزا سے، اپنے لازوال سیرت و کردار سے انسانی تاریخ کی کایا ہی پلٹ دی۔ نبی مکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک ایسے انقلاب کے داعی ہیں، جس نے انسانی سوچ کا دھارا ہی تبدیل کر دیا۔ دنیا کی تاریخ میں جتنے بھی انقلاب آئے انکی مدت چند سال یا چند دہائیوں پر محیط تھی، مگر محمد مصطفٰی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انقلاب دائمی اور ماہ و سال کی بندشوں سے بہت بلند اور دیرپا تھا۔ اسلئے میرے خیال میں محمد مصطفٰی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑا انقلابی لیڈر چشم فلک نے نہ دیکھا نہ دیکھ پائے گی۔
محمد عربی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک انقلابی رہنما کی صورت میں۔



