اسلام آباد / کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ / گلگت / مظفرآباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر 30 نومبر کو پارٹی کے یومِ تاسیس کے موقع پر ملک بھر کے تمام اضلاع میں جلسے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں تمام ضلعی تنظیموں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
یومِ تاسیس کے موقع پر منعقد ہونے والے ان جلسوں سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 30 نومبر کو شام 4 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے تمام ضلعی عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں یومِ تاسیس کے جلسوں کا اہتمام کریں اور ان میں پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پارٹی کی سیاسی جدوجہد اور تاریخ کو نمایاں طور پر اجاگر کریں۔
ہمایوں خان نے ضلعی تنظیموں کو مزید ہدایت کی کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویڈیو لنک خطاب کی براہِ راست نشریات یقینی بنانے کے لیے ایس ایم ڈی اسکرینز، ساؤنڈ سسٹم اور مناسب رفتار کے انٹرنیٹ سمیت تمام ضروری تکنیکی انتظامات کیے جائیں، تاکہ پاکستان کے 173 اضلاع میں کارکنان اور عوام بیک وقت چیئرمین کا خطاب سن سکیں۔
سیکریٹری جنرل ہمایوں خان نے کہا کہ ملک بھر میں منعقد ہونے والے ان جلسوں کے ذریعے پاکستان پیپلز پارٹی کے قیام سے لے کر اب تک کے سیاسی سفر، جدوجہد اور تاریخی کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام ضلعی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ یومِ تاسیس کی تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامات بروقت مکمل کریں۔



