قاہرہ (شِنہوا) روایتی چینی طب کی آٹھویں عالمی تعلیمی کانگریس قاہرہ میں شروع ہوگئی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس کانگریس کا انعقاد عرب خطے میں کیا گیا ہے۔
ورلڈ فیڈریشن آف چائنیز میڈیسن سوسائٹیز اور مصر کی وزارت صحت و آبادی کے مشترکہ اہتمام سے منعقد ہونے والی اس کانگریس کا موضوع “مشرقی دانش، دنیا بھر میں مشترکہ طور پر فروغ: سب کے لیے صحت کی عالمی برادری کے قیام کے لیے روایتی چینی طب کی تعلیم” ہے۔
اس کانگریس میں چین، امریکہ، روس، فرانس، لبنان، مصر اور دیگر ممالک سے 400 سے زائد حکومتی عہدیداروں، ماہرین، دانشوروں اور تعلیمی اداروں و کاروباری شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے روایتی چینی طب کی تعلیم کے بین الاقوامی فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کانگریس کے موقع پر روایتی چینی طب کی تعلیم سے متعلق قاہرہ اعلامیہ اور چینی طب کی بنیادی اصطلاحات کا بین الاقوامی چینی ۔عربی معیار بھی جاری کیا گیا۔
مصر کے وزیر صحت و آبادی خالد عبدالغفار نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اس کانگریس کی میزبانی مصر اور چین کے درمیان تعاون کی گہرائی اور دیرینہ دوستی کی عکاسی کرتی ہے۔
مصر کے صدر کے صحت اور امراض سے بچاؤ کے امور کے مشیر محمد عواد تاج الدین نے کانگریس کو سائنسی مکالمے اور بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔ انہوں نے بالخصوص روایتی چینی طب کی تدریس اور تربیت کو روایتی طبی طریقہ علاج کے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
مصر میں چینی سفارت خانے کے وزیر اور ناظم الامور ژانگ یاچھیانگ نے کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران چین اور مصر نے روایتی چینی طب کے مشترکہ تعلیمی پروگراموں، پیشہ ورانہ تربیت اور موزوں طبی ٹیکنالوجیز کے فروغ میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔
ژانگ نے کہا کہ مصر میں چینی سفارت خانہ چین اور مصر، چین اور افریقہ اور چین اور عرب ممالک کے درمیان روایتی طب کے شعبے میں کھلے، جامع اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار بطور پل ادا کرتا رہے گا۔
سال 2008 سے اب تک روایتی چینی طب کی عالمی تعلیمی کانگریس کے سات سابقہ اجلاس چین کے مختلف شہروں کے علاوہ سوئٹزرلینڈ اور فرانس میں منعقد ہوچکے ہیں۔
روایتی چینی طب کی عالمی تعلیمی کانگریس کا پہلی بار عرب خطے میں انعقاد



