مائیکروسافٹ کا سسٹم بیٹھ گیا، دنیا کا دفتری نظام ٹھپ

واشنگٹن(نیشنل ٹائمز)امریکی کمپیوٹر کمپنی مائیکروسافٹ نے کہا ہے کہ اس کی مقبول دفتری سافٹ ویئر سروسز کی بحالی کا عمل آگے بڑھ رہا ہے ۔ عالمی سطح پر سروسز کی بندش  دوسرے روز میں داخل ہونے کے بعد کاروباری رابطے ، پولیس کو جرائم کی آن لائن رپورٹنگ، عدالتی کارروائیاں اور مصنوعی ذہانت کے کئی ٹولز متاثر ہوئے ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس تعطل سے مائیکروسافٹ 365 کی متعدد سروسز متاثر ہوئیں، جن میں آؤٹ لک ای میل، ٹیمز اور مصنوعی ذہانت کا معاون ٹول کوپائلٹ شامل ہیں۔ دنیا بھر میں افراد، کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کو ای میل اور دیگر آن لائن سہولتوں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مائیکروسافٹ کے مطابق اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے ظاہر ہو کہ یہ مسئلہ کسی سائبر حملے یا بدنیتی پر مبنی سرگرمی کا نتیجہ تھا۔برطانیہ میں اس تعطل کے باعث مانچسٹر میں ایک مقدمے کی سماعت روکنا پڑی۔ جج مورس گرین نے عدالتی کارروائی میں تاخیر کے باعث جیوری کے ارکان کو واپس بھیج دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال نے عدالتی نظام کے ٹیکنالوجی پر انحصار کے خطرات کو نمایاں کر دیا ہے ۔

برطانیہ کی بعض پولیس فورسز نے بتایا کہ وہ جرائم کی آن لائن شکایات وصول نہیں کر پا رہیں اور شہریوں کو ہنگامی نوعیت کی شکایات کے لیے فون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔برطانوی نیشنل فارمیسی ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ سرکاری ادارے نیشنل ہیلتھ سروس کے ای میل نظام متاثر ہونے کے باعث بعض افراد کو ادویات کے نسخے حاصل کرنے میں تاخیر ہو سکتی ہے ۔ناروے کی حکومت کے مطابق اس تعطل سے کئی وزارتیں متاثر ہوئیں اور اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ مسئلہ کب تک حل ہو سکے گا۔ یونان کے وزیر برائے ڈیجیٹل گورننس دیمتریوس پاپاسترگیو نے بتایا کہ آؤٹ لک، ٹیمز اور کوپائلٹ استعمال کرنے والی سرکاری وزارتیں بھی متاثر ہوئیں ۔ہانگ کانگ میں ایلومینیم کا کاروبار کرنے والے ڈینی لاؤ نے بتایا کہ ان کی کمپنی آؤٹ لک کے ذریعے امریکی صارفین کی جانب سے بھیجی گئی تازہ معلومات وصول نہیں کر پا رہی تھی۔ ان کے مطابق اگر یہ صورت حال مزید جاری رہی تو پیداوار کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے ۔ ایشیا کے اہم مالیاتی مرکز ہانگ کانگ کے بعض بینکوں کا کام بھی متاثر ہوا۔بھارت کی ایئر انڈیا اور انڈیگو ایئرلائنز نے کہا کہ ان کی پروازوں کا آپریشن متاثر نہیں ہوا۔ تاہم انڈیگو کی ای میل سپورٹ سروسز میں خرابی کے باعث صارفین کی شکایات اور سوالات وصول کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ ایئر انڈیا نے بتایا کہ اس نے صارفین کے پیغامات کی ترسیل جاری رکھنے کے لیے عارضی طور پر اپنا ای میل نظام متبادل سروس پر منتقل کر دیا تھا۔

سنگاپور کی حکومت نے بتایا کہ ای میل سروسز بند ہو گئی تھیں اور مسئلے کے حل کے لیے مائیکروسافٹ سے رابطہ کیا جا رہا ہے ۔ فلپائن کی سپریم کورٹ کے مطابق اس کی بعض کارروائیاں بھی متاثر ہوئیں، جن میں ای میل کے ذریعے جوابات دینا شامل تھا۔جاپان کے نائب چیف کابینہ سیکرٹری ماساناؤ اوزاکی نے کہا کہ حکومتی آئی ٹی نظام بھی متاثر ہوا ہے اور حکام صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جاپانی حکومت نے رابطے کے متبادل ذرائع، مثلاً ٹیلی فون، استعمال کرنے کے انتظامات بھی کیے ۔امریکا کی صنعتی ٹیکنالوجی کمپنی ورک ہارس گروپ نے سہ ماہی مالی نتائج سے متعلق کانفرنس کال ملتوی کر دی۔ مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں اوپن اے آئی اور اینتھروپک نے بھی مائیکروسافٹ 365 کے ٹولز سے رابطے میں مشکلات کی اطلاع دی۔ جرمنی کی وزارتِ ڈیجیٹلائزیشن کے ترجمان فلورین ڈروکنٹینر نے بتایا کہ وہاں کاروباری شعبہ وسیع پیمانے پر متاثر ہوا، تاہم حکومتی سطح پر کسی بڑے تعطل کی اطلاع نہیں ملی۔ یونیورسٹی آف گلاسگو کے شعبہ کمپیوٹنگ سائنس کے پروفیسر جیریمی سنگر نے کہا کہ ای میلز کی آمدورفت بند ہونے سے بہت سے دفتری ملازمین کے لیے صورت حال ایسی ہو گئی جیسے انہیں اچانک چھٹی مل گئی ہو۔

نیوزی لینڈ نے مائیکروسافٹ کی عالمی سطح پر جاری خرابی کے باعث ویزا درخواستوں پر کارروائی عارضی طور پر روک دی۔ ملک کے امیگریشن ادارے نے کہا کہ اگلے اعلان تک تمام ویزا درخواستوں کی پروسیسنگ معطل رہے گی۔ مائیکروسافٹ کی سروسز 74 ممالک اور علاقوں میں متاثر ہوئیں۔ 



  تازہ ترین   
نیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی اپیل
ناکہ بندی سے ایرانی عوام کو بھوکا رکھنے کی امریکی دھمکی، جنگی جرائم کا اعتراف ہے: اسماعیل بقائی
امریکا میں فضائی ٹریفک معمول پر آگئی، وزیر ٹرانسپورٹ کی تصدیق
سعودی فوجی اتحاد کا حوثیوں کے مزید 2 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز: 8 دہشتگرد ہلاک، میجر اور حوالدار شہید
مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات کی فہرست جاری، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل پہلے نمبر پر
غزہ میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی تنظیموں کو فوری رسائی دی جائے، یورپی یونین
شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشنز، 16 خوارج ہلاک، حوالدار اور نائیک شہید





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر