تھرپارکر،روہڑی، سکھر(نیشنل ٹائمز)ننگرپار کرکے شہرڈانو داندھل کے ہسپتال بی ایچ یو پلس میں کھڑی ایک ایمبولینس میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے ۔تحصیلدار ننگرپارکر سیف اللہ کا کہنا ہے کہ آگ ایمبولینس میں نصب سلنڈر پھٹنے کے باعث لگی،کمشنر کے مطابق ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر تبدیل کرتے ہوئے دھماکا ہوا اور آگ لگی ،ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کے مطابق 5 زخمیوں کو تحصیل ہسپتال ننگر پارکر منتقل کر دیا گیا ہے ۔دھماکے میں جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔دریں اثنا روہڑی کے قریب قومی شاہراہ سکھر ملتان موٹروے انٹرچینج کے قریب ایل پی جی گیس سے بھرے ٹینکر میں خوفناک دھماکا، 3افراد جاں بحق، 7 زخمی ہوگئے ۔
دھماکا اتنا زور دار تھا کہ ٹینکر ڈرائیور اور کلینر کی لاشوں اور گاڑی کے پرخچے دور جاگرے ۔ جن کی شناخت 55 سالہ صفدر علی ولد احمد شیراور 40 سالہ عدنان کے نام سے ہو ئی ۔ زخمیوں میں فداحسین ،عمر ولد حیات ،محمد شاہد ،کامران ،عارف حسین شاہ ،عامر، فیصل، زاہد حسین شامل ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹینکر کے سیفٹی والوز لیک ہونے سے حادثہ پیش آیا۔ دھماکے کی شدت سے 2 ٹینکرز،3 ٹریلرز اور ایک ٹرک کو نقصان پہنچا۔ 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور پورے علاقے میں دھواں چھا گیا۔ اطلاع پر سکھر اور روہڑی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے عملے کو طلب کر لیا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ ،پولیس افسران اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔



