لاہور، منڈی بہاؤالدین (نیشنل ٹائمز)وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ سفارش کا زمانہ گیا، مجرم ن لیگ کا ہی کیوں نہ ہو، چھوڑیں گے نہیں، ملزم کو اگلے دن ضمانت مل جاتی ہے ، اتنی سزا تو دیں کہ مجرم کو محسوس ہو، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملنا پڑا تو ملوں گی۔ یونیورسٹی آف رسول میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ کی ڈسٹری بیوشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ظالم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ مریم نواز کو پنجاب کے عوام کی سلامتی اور انصاف کیلئے جیل جانا منظور ہے ۔ مجرموں کو پیغام دیتی ہوں کہ ماؤں اور بیٹیوں کو تکلیف پہنچانا چھوڑ دیں اور جرم کرنا ترک کر دیں ورنہ نہیں چھوڑیں گے ۔ سکوٹی سوار لڑکی اور پٹرول پمپ کے ملازم کو مارنے والے کو اگلے دن ہی ضمانت مل جاتی ہے ۔ عدالت سے کہتی ہوں کہ اتنی سزا تو دیں کہ مجرم کو محسوس ہو۔ عوام کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان اور پنجاب کی خاتون چیف جسٹس سے ملنا پڑا تو ضرور ملوں گی۔
ملزموں کو ضمانت نہ ملے تو کبھی جرم نہ ہوں۔ قوم کو عادت پڑ چکی تھی کہ امیر غریب کا استحصال کرتا رہے اور لوگ برداشت کرتے رہیں۔ امیر تھپڑ مارے تو کہتے ہیں کہ صدیوں سے یہی ہوتا آیا ہے ، اب سب کیلئے اصول ایک ہی ہوگا۔ ظالموں کی ویڈیو اس لیے پوسٹ کرتی ہوں تاکہ عبرت پکڑیں۔ غریب کا تھپڑ امیر کو ہمیشہ یاد رہے گا، مجھے اپنی برتھ ڈے یاد نہیں مگر بچوں نے میری سالگرہ ماں کی طرح منائی۔ پانچ نومبر سے ای بائیکس دینا شروع کر دیں گے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ میں کوئی بندہ سفارش ثابت نہیں کر سکتا۔ حکومت پنجاب کے کسی بھی پراجیکٹ میں میرٹ کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے کچھ نہیں کیا تھا تو مقدمے بنے تھے ، اب مقدموں کا خوف اتر چکا ہے ۔ عوام کی عزت اور سلامتی کی حفاظت مریم نواز کی ذمہ داری ہے ۔ کوئی امیر زادہ سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والا غریب کو ہاتھ لگائے گا تو قانون اسے نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں سے بس ایک ہی وعدہ لینا ہے کہ اپنے ملک اور دھرتی سے وفا کریں گے ۔ کوئی یہ کہے کہ احتجاج کیلئے باہر نکلو، پتھر مارو، ڈنڈے مارو، توڑ پھوڑ کرو تو ایسا بالکل نہیں کرنا۔ ماں اپنے بچوں کے ہاتھ میں کیلوں والا ڈنڈا نہیں دیتی بلکہ لیپ ٹاپ اور کتابیں دیتی ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی آف رسول اور رسول میڈیکل کالج کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے طالبات کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور سیلفی بنوائی اور گلے لگا لیا۔ ایک طالبہ نے پورٹریٹ اور کتاب پیش کی۔ طالبات نے وزیراعلیٰ کے لئے گیت گایا۔ سی ایم سکالرشپ اور لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے جنرل سلامی پیش کی۔ ایک بچی کو وزیراعلیٰ نے گلے لگا لیا۔ پولیو سے متاثرہ طالبہ میمونہ نے اپنی بات پیش کی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خود آ کر پیار کیا۔ وزیراعلیٰ نے صدر بازار، اولڈ غلہ منڈی کی بیوٹیفکیشن کے منصوبوں، یونیورسٹی آف رسول کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے چیلیاں والا میں 1849 کی جنگ کی یادگار کا دورہ بھی کیا۔ قبل ازیں منڈی بہاؤالدین پہنچنے پر جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا اور گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ ہر چوک اور ہر موڑ پر عوام کا جم غفیر امڈ آیا۔ سڑکوں کے اطراف بچے اور نوجوان پھول لے کر کھڑے تھے ۔ بچے سی ایم کی گاڑی کے ساتھ خوشی سے ناچتے رہے ۔ گلاب کی پتیوں سے وزیراعلیٰ کی پوری گاڑی ڈھک گئی۔ غلہ منڈی میں بچیوں نے پنسل سکیچ پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے آٹوگراف بھی لیے۔



