ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہانگ کانگ میں غیر ملکی گھریلو ملازمین (ایف ڈی ایچ) کی کم از کم قابل اجازت ماہانہ اجرت 2.35 فیصد اضافے کے بعد 5 ہزار 220 ہانگ کانگ ڈالر (تقریباً 665.22 امریکی ڈالر) ہو جائے گی۔اجرت کی نئی کم از کم سطح کا اطلاق 3 اکتوبر یا اس کے بعد طے پانے والے تمام غیر ملکی گھریلو ملازمین کے معاہدوں پر ہوگا۔ مفت خوراک کے متبادل کے طور پر دی جانے والی غذائی سہولت کی رقم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ کم از کم ایک ہزار 236 ہانگ کانگ ڈالر ماہانہ رہے گی۔ایچ کے ایس اے آر حکومت نے اجرت کی سطح کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس نے پہلے سے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا، جس کے تحت آجروں اور گھریلو ملازمین دونوں سے مشاورت کی گئی۔ اس کے ساتھ ہانگ کانگ کے معاشی اور روزگار کے حالات، قلیل مدتی معاشی امکانات، آجروں کی مالی استطاعت اور غیر ملکی گھریلو ملازمین کی بنیادی ضروریات زندگی کو بھی مدنظر رکھا گیا۔
ہانگ کانگ میں غیر ملکی گھریلو ملازمین کی کم از کم اجرت میں 2.35 فیصد اضافہ



