اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔ موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کو ہفتہ وار 500 روپے کا فیول ریلیف فراہم کیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 10 روز میں 1000 روپے کا فیول ریلیف دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکج کی منظوری دی۔ فیول ریلیف اسکیم کے لیے 75 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ فیول ریلیف اسکیم صرف غیر کمرشل صارفین کے لیے مختص ہوگی، جبکہ ایک صارف یا مالک صرف ایک گاڑی کے لیے فیول ریلیف حاصل کرسکے گا۔
ای سی سی کے مطابق فیول ریلیف کی شفاف فراہمی کے لیے فیول پاس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارتِ آئی ٹی ڈیجیٹل فیول پاس سسٹم تیار اور مینج کرے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی این ایس سی کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول کی تنظیم نو کے فریم ورک کی منظوری بھی دے دی۔ پی این ایس سی کی تنظیم نو اور نجکاری سے متعلق وزیر کی سربراہی میں کمیٹی کی سفارشات بھی منظور کرلی گئیں۔
ای سی سی نے موجودہ آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے لیے ڈرافٹ اپ گریڈ معاہدے کی منظوری دے دی۔ ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں کی تکمیل کے لیے 5 سال کی مدت مقرر کی گئی۔
ای سی سی نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق معاملہ مؤخر کردیا۔
ای سی سی نے دو لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ چینی برآمد کے لیے مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کی حفاظتی شرائط عائد کی گئی ہیں۔
ایس سی او سربراہ اجلاس کے لیے 15 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 3 ارب روپے بھی منظور کرلیے گئے۔



