نیویارک(نیشنل ٹائمز)امریکا میں ایک مسافر کی جانب سے طیارے میں ہنگامہ آرائی کرنے کے بعد اسے لچک دار ہتھکڑیوں اور ڈکٹ ٹیپ کی مدد سے فرسٹ کلاس کی نشست سے باندھ دیا گیا۔
دیگر مسافروں کی جانب سے بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں واضح طور پر یہ منظر دیکھا جا سکتا ہے ۔ واقعے کے باعث پرواز کا رُخ تبدیل کرکے بالٹی مور میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔مسافر رچرڈ اولینک نے کہا وہ اور خوان میخیا پرواز کا نصف سے زیادہ سفر طے کر چکے تھے جب فرسٹ کلاس سیکشن میں ان سے دو قطاریں عقب میں موجود ایک مسافر جارحانہ رویہ اختیار کرنے لگا۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے )نے ایک بیان میں کہا امریکن ایئرلائنز کی پرواز 618 ڈلاس فورٹ ورتھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیویارک جا رہی تھی جب عملے نے طیارے میں ایک مسافر کی ہنگامہ آرائی کی اطلاع دی۔
رچرڈ اولینک کے مطابق ایک فضائی میزبان نے صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن وہ شخص مزید مشتعل ہو گیا۔ اس نے اپنے ساتھ والے مسافر کو مارنا شروع کر دیا اور پھر ایک خاتون کو بھی مارا جو معاملہ روکنے کے لیے مداخلت کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ایک فضائی میزبان نے رچرڈ اولینک، خواں میخیا اور ایک تیسرے شخص کو پلاسٹک کی زِپ ٹائیاں دیں، جن کی مدد سے انہوں نے اس شخص کے ہاتھ باندھ دئیے ۔ اس دوران وہ مسلسل چیخ رہا تھا، مجھ سے دور ہو جاؤ۔ایف بی آئی کے بیان کے مطابق،طیارے کی بحفاظت بالٹی مور/واشنگٹن کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد ہنگامی آرائی کرنے والے شخص کو ریاستی قوانین کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ حکام نے گرفتار شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی۔



