اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے کی۔
وفاقی دارالحکومت میں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بنوں میں 9 مئی کے دہشتگرد حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے، تحقیقات، شواہد اور تکنیکی انٹیلیجنس سے ثابت ہوا کہ حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے کی۔
دوسری جانب بنوں حملے پر افغان ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے سخت احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، پاکستان نے افغان سرزمین دہشتگردی کےلیے استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی رپورٹس میں افغان سرزمین پر دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے اور پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی میں افغان طالبان سے کئی مذاکرات کیے، لیکن افغان طالبان دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی میں ناکام رہے، پاکستان اپنی قومی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔



