پشاور (نیشنل ٹائمز) صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کا میدان ایک بار پھر سج گیا جہاں آج 13 اضلاع میں دوبارہ پولنگ ہورہی ہے ،جس کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کے انتقال اور ناخوشگوار واقعات کے باعث ملتوی ہونے والی نشستوں پر پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے ، پشاور ، نوشہرہ ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، چارسدہ، بونیر اور باجوڑ میں ری پولنگ ہورہی ہے ، ووٹنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا ۔بتایا گیا ہے کہ سب سے دلچسپ مقابلہ ڈی آئی خان کی سٹی میئر سمیت تین نشستوں پر ہورہا ہے ، کوٹ عیسیٰ خان میں جنرل کونسلر کی نشست پر پولنگ جاری ہے تو رتہ کلاچی میں کسان کونسلر کی نشست پر ووٹنگ ہورہی ہے اور سٹی میئر کی نشست پر بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے ، اس نشست میں اے این پی کے امیدوار عمر خطاب کے قتل کے باعث سٹی مئیر کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا ، یہاں پی ٹی آئی ، جے یوآئی ف اورپی پی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ۔الیکشن کمیشن سے معلوم ہوا ہے کہ ڈی آئی خان کی تینوں نشستوں پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد3لاکھ 44ہزار ہے، سٹی میئر کے الیکشن کیلئے302 پولنگ اسٹیشن ، 1039پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 68 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین،121 کو حساس قرار دیا جاچکا ہے ، ادھر ضلع لکی مروت میں تحصیل چیئرمین، دیہی ونیبرہڈ کونسل ممبران کی نشست کیلئے ووٹنگ جاری ہے، دولت خیل کے2پولنگ اسٹیشنز پر تمام کیٹگریز کی سیٹوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے ، غزنی خیل میں 4پولنگ اسٹیشنز پر جنرل ممبر کی نشست پر ووٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے، سرائے نورنگ میں3 پولنگ اسٹیشن پرتحصیل چیئرمین کے لئے مقابلہ جاری ہے جب کہ مردان کی دو ولیج کونسلز کی نشستوں پر ری پولنگ کا عمل جاری ہے، گجرگڑھی کی ولیج کونسل2 پر کسان نشست،گڑھی اسماعیل زئی میں جنرل نشست پرری پولنگ ہورہی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کا میدان ایک بار پھر سج گیا



