بیت المقدس(رپورٹرزڈیسک)غزہ پٹی اوراسرائیل کے مابین راہگیروں کی واحد گزرگاہ ایریز کو بند کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ گزرگاہ کو غزہ کے جنگجوں کی جانب سے اسرائیل پر مزید راکٹ فائر کرنے کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کے ایک بیان کے مطابق غزہ کے جنگجوں کی جانب سے پیر کی صبح جنوبی اسرائیل کی طرف 3 راکٹ فائر کیے گئے جن میں سے ایک راکٹ کو اسرائیل کے اینٹی راکٹ نظام آئرن ڈوم کے ذریعے روک کر تباہ کر دیا گیا اور ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دوسرے 2 راکٹ کس مقام پر گرے ہیں۔کسی نقصان یا کوئی فرد زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔یہ راکٹ حملے رات بھر سرحد کی دونوں اطراف سے جاری حملوں کے بعد سامنے آئے ہیں۔ غزہ کے جنگجوں نے 2 راکٹ فائر کیے جو اسرائیلی علاقے تک پہنچنے میں ناکام رہے اور غزہ پٹی کے اندر ہی گر گئے ۔ اسرائیلی ٹینکوں نے فلسطین کے ساحلی علاقے کو چلانے والی ایک اسلام پسند فلسطینی تحریک حماس سے وابستہ فوجی چوکیوں پر حملہ کیا۔پیر کی صبح اسرائیلی علاقہ جات میں سرکاری سرگرمیوں کے کوآرڈینیٹر گسان علیان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایریز گزرگاہ کو آئندہ اطلاع تک کیلئے بند کر دیا گیا ہے اور صرف انسانی ہمدردی والے غیر معمولی کیسز میں ہی گزرنے کی اجازت ہو گی۔
اسرائیل نے کشیدگی میں اضافے پر غزہ کی گزرگاہ بند کر دی



