اسلا م آباد(نیشنل ٹائمز)11 ستمبر کو دہشت گرد حملوں کے بیس سال مکمل ہونے پر پاکستان کی حکومت اور عوام آج کے دن اپنی قیمتی جانوں کو کھونے والوں کو افسوس کے ساتھ یاد کرتی ہے۔ ان خوفناک واقعات کی ہم پرزور مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے بے گناہ نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی یک جہتی اور حمایت کو دوہراتے ہیں۔11 ستمبر 2001 کے متاثرین کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہم دنیا بھر میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن میں مرد، خواتین، بزرگ اور بچے شامل ہیں۔11 ستمبر 2001 کے واقعات دنیا کو دہشت گردی کے درپیش خطرات اور ان کے تباہ کن اثرات کی ہمیں یاد دلاتے ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران عالمی برادری مل کر دہشت گردی سے لڑی ہے تاہم دہشت گردی کے نتیجے میں جنم لینے والی پیچیدہ مشکلات متقاضی ہیں کہ اس عفریت سے بچنے اور متنازعہ خطوں میں غیرملکی قبضہ کے تحت رہنے والے لوگوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی سمیت اس کی ہر قسم کے خاتمے کے لئے عزم واتحاد کو مزید مضبوط کیاجائے۔دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا۔ دہشت گردی کو کسی مخصوص عوام، شہریت، تہذیب، مذہب، رنگ ونسل کے ساتھ جوڑنا قابل مذمت ہے۔ قدامت پسندوں، اسلاموفوبیا، داخلی اور رنگ ونسل سے تحریک پانے یا دہشت گردی کو جنم دینے والے انتہاءپسندانہ رجحانات کی شکل میں نئے ابھرتے ہوئے خطرات تقاضا کرتے ہیں کہ دنیا موثر انداز میں ان سے نبردآزما ہو۔ ضروری ہے کہ اس ضمن میں دوہرے معیارات، تنگ نظری یا کسی ذاتی پسند وناپسند، مفاد اور فروعی سیاسی ایجنڈوں سے بچا جائے۔ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصہ سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں عالمی برادری کا متحرک شراکت دار رہا ہے۔ پاکستان نے اس جدوجہد میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور 80 ہزار سے زائد شہادتوں کی صورت میں بے مثال قربانیوں کے ذریعے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ 150 ارب ڈالر سے زائد کے مالی نقصانات برداشت کئے ہیں۔ جدید تاریخ میں کسی بھی ملک نے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے اس طرح کی قربانیاں نہیں دیں۔ ہم پاکستان میں خاص طور پر حالیہ مہینوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی بھی پرزور الفاظ میں شدید مذمت کرتے ہیں جن کی منصوبہ بندی اور مدد سرحدوں کے پار سے کی گئی۔ پاکستان نے منصوبہ بندی کرنے والوں، ان کے حمایتوں اور مالی مدد کرنے والوں کو بے نقاب کیا ہے اور مستقبل میں بھی اپنی سرزمین کے خلاف دہشت گردی کرانے والے کرداروں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ پاکستان پرعزم ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا اور انہیں محفوظ بناتے ہوئے امن کو خراب کرنے کے عزائم رکھنے والوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائے گا جو انتہا پسند نظریات کو ہوا دیتے ہیں اور جیوپولیٹیکل ایجنڈوں پر کاربند ہیں اور اس مقصد کے لئے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے ذریعے کے طورپر استعمال کرتے ہیں۔پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کے خلاف اور خطے اور دنیا میں امن وسلامتی کے قیام میں اپنا حق بجانب کردار جاری رکھے گا۔
سانحہ نائن الیون کی یاد میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے جان کھولنے والوںکیلئے افسوس



