سری نگر(نیشنل ٹائمز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 2کشمیری نوجوانوں کو گرفتاری کے بعد گولیاں مار کر ماورائے عدالت قتل کردیا۔عالمی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھووا میں بھارتی فوج نے ایک گاوں کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدیس کو پامال کیا۔بھارتی فوج نے دعوی کیا کہ سرچ آپریشن کے لیے پہنچنے والی ٹیم پر عسکریت پسندوں نے گرنیڈ حملہ کیا جس پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور مقابلے میں 2 عسکریت پسند مارے گئے جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔قبل ازیں کٹھووا کے علاقے میں ہی نامعلوم مسلح افراد نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔زخمی اہلکار کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت کبیر داس کے نام سے ہوئی ہے۔اس واقعے کے بعد ہی بھارتی فوج نے کٹھووا میں سرچ آپریشن کیا اور دو نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کردیا۔واضح رہے کہ ضلع ڈوڈا میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 6اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 3کی حالت نازک ہے۔
بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2کشمیری نوجوان شہید



