اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کو معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول میں مدد کے لیے امریکہ کی حمایت کا یقین دلایاہے،میکرو اکنامک اشاریوں کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو فنانس ڈویژن میں وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سفیر بلوم کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل مدتی باہمی تعلقات پر زور دیا۔ انہوں نے سفیر کو اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی کامیابی سے تکمیل کے بارے میں بتایا اور کہا کہ حکومت پاکستان سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت اصلاحات کو آگے بڑھانے کے لیے فنڈ کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے حکومت کے ترجیحی اصلاحاتی شعبوں پر روشنی ڈالی جن میں ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب میں اضافہ، ٹیکس سے کم شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا اور ٹیکس انتظامی اصلاحات شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے لئے وزیراعظم کے عزم کا اعادہ کیا، جس نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے معاملے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو جنم دیا ہے۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر، انہوں نے کارکردگی کو بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین کو لانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے سفیر کو زراعت، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کی جانب سے ممکنہ سرمایہ کاری سے بھی آگاہ کیا۔ سفیر ڈونلڈ بلوم نے میکرو اکنامک اشاریوں کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کو معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول میں مدد کے لئے امریکہ کی حمایت کا یقین دلایا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا پاکستان میں تکنیکی کی اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کیلئے پرعزم ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور سرمایہ کاری کا بڑا ذریعہ ہے، امریکہ پاکستان کے معاشی مستقبل کیلئے ایک مضبوط پارٹنر بھی ہے۔
امریکہ کی پاکستان کو معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول میں مدد کیلئے یقین دہانی



