ابوظہبی (نیشنل ٹائمز)وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) پہنچ گئے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورہ یو اے ای ہے۔وزیراعظم کے ساتھ کابینہ کے اہم وزرا پر مشتمل ایک اعلی سطح کا وفد بھی یو اے ای پہنچا ہے، جن میں وفاقی وزرا خواجہ آصف، جام کمال، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دورہ کا مقصد پاک امارات تاریخی اوربرادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنا ہے، دورہ میں یو اے ای قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال کا منتظر ہوں۔ دورے کے وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید سے ملاقات متوقع ہے جبکہ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تعاون پر گفتگو ہوگی۔دورہ یو اے ای کے دوران اماراتی کاروباری برادری اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف ایک روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے



